پنجاب حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے دوررس اقدامات کر رہی ہے : چودھری سرور
ساہیوال( نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا پنجاب حکومت صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے دوررس اقدامات اٹھا رہی اور یونیورسٹیوں کو در پیش مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جا رہا ہے تا کہ دوردراز علاقوں میں سینکڑوں طلبا و طالبات کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل سے خصوصی ملاقات میں کہی۔ انہوں نے یونیورسٹی کے مالی اور تعلیمی مسائل کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ یونیورسٹی کے قیام کے 3سال سے زائد عرصہ کے بعد بھی صوبائی حکومت سے فنڈز نہیں مل سکے جس سے یونیورسٹی کے روز مرہ امور متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مشکل حالات کے باوجود تعلیمی معیار قائم رکھنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ناصر افضل اور سٹاف کی کارکردگی کو سراہا۔وائس چانسلر نے بتایا کہ 2015میں قیام سے لے کر اب تک صوبائی حکومت کی طرف سے یونیورسٹی آف ساہیوال کو کوئی فنڈز فراہم نہیں کئے گئے جس سے روز مرہ امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ یونیورسٹی کا ایک ارب روپے کا توسیعی منصوبہ بھی کھٹائی کا شکار ہو چکا۔ یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مزید سٹاف کی بھرتی بھی زیرالتواء ہے۔ ڈیلی ویجزملازمین بھی نہیں رکھے جا سکتے۔ گورنر چوہدری محمد سرور نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کو مسائل جلد حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ 15روز کے اندر کارکردگی رپورٹ بھی طلب کر لی۔