آرمی چیف کی خاموش سفارتکاری نے ملک کو تنہائی سے نکالنے میں کردار ادا کیا: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خاموش سفارتکاری نے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی سے نکالنے میں نہایت اہم اور مو¿ثر کردار ادا کیا ہے، کچھ عرصہ پہلے تک پاکستان کو عالمی سطح پر انتہائی مشکلات کا سامنا تھا، سعودی عرب، امارات اور ایران جیسے دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں بھی سرد مہری آ چکی تھی، آرمی چیف نے ان ملکوں کے دورے کئے، ان کے قائدین کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور ان کے تحفظات دور کئے، گذشتہ 17 سال میں جنرل باجوہ پہلے آرمی چیف ہیں جنہوں نے ایران کا دورہ کیا اور اس کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی، ان دوروں اور ملاقاتوں کے نتیجہ میں ان ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں پھر سے باہمی اعتماد کی فضا پیدا ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے بھی جنرل باجوہ کی مخلصانہ کوششیں رنگ لا رہی ہیں، وہ افغانستان کے چار دورے کر چکے ہیں اور ان کی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔ میڈیا کے سوالات کے جواب میں پرویزالٰہی نے کہا سی پیک پر چین کی اعلیٰ سطح قیادت سے جنرل باجوہ کی ملاقاتوں نے سی پیک پر چین اور پاکستان کے درمیان اعتماد کی بحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے، ترکی، مصر، قطر کے دوروں کے بعد ان ملکوں کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات میں مزید گرم جوشی پیدا ہوئی، کرتارپور راہداری کے افتتاح نے بھارت کے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کا پول کھول دیا ہے اور پہلی مرتبہ بھارت کی قیادت سفارتی محاذ پر بیک فٹ پر نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی سلامتی، قومی یکجہتی کیلئے آرمی چیف جنرل باجوہ کی خدمات ہماری تاریخ کا ایک روشن باب بن چکی ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
پرویز الٰہی