نواز‘ شہباز‘ زرداری معصوم تو بدمعاش کون؟ یہ بلیک میلر‘ ٹھگز آف پاکستان ہیں : فواد چوہدری
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے کہا ہے نواز شریف اور آصف علی زرداری کی سیاست ختم ہو گئی ہے۔ نواز، شہباز اور زرداری بلیک میلرز کا گروپ ہے اس اتحاد کا نام ٹھگز آف پاکستان ہے، پارلیمنٹ میں عوامی مفاد کو زیربحث لانے کی بجائے اپوزیشن نے پارلیمنٹ کو بورڈآف گورنرز بنا دیا ہے۔ ماڈل ٹاﺅن واقعہ میں جے آئی ٹی بننی چاہئے اس پر عملدرآمد نہ ہوا تو نظام عدل کی ناکامی ہو گی۔ وہ لاہور میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو ملک پر 30 کھرب روپے کا قرضہ تھا موجودہ حکومت اب بہتری کی طرف جا رہی ہے۔ نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ نظام کے اوپر 30 برسوں کا جالا تھا جس کو صاف کیا جا رہا ہے۔ عمران خان واحد آدمی ہیں جو درد سے بات کرتے ہیں۔ نواز، زرداری، شہباز اور سعد رفیق کہتے ہیں ہم معصوم ہیں ان سے پوچھا جائے پاکستان میں جس عمر میں بچوں کے شناختی کارڈ نہیں بن سکتے ان کے بچے ارب پتی کیسے بن گئے ان سب نے ملک کو لوٹا مجال ہے ان کوشرم ہو۔ زرداری، نواز، شہباز معصوم ہیں تو بدمعاش کون ہے۔ انہوں نے مزید کہا اب سب کی نظریں عدالت پرلگی ہوئی ہیں۔ فیصلے ہونے میں 15 ماہ لگ گئے۔ اربوں روپے لوٹنے والے کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنا دیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا پارلیمنٹ نے کیا روایت بنا رکھی ہے کہ وہاں اربوں روپے لوٹنے والا چھوٹا بھائی اپنے بڑے بھائی کے اکاﺅنٹ دیکھے اور یہاں بیٹا والد کے اکاﺅنٹ کا آڈٹ کرے گا۔ ٹھگز آف پاکستان کا اتحاد بری طرح ناکام ہو گیا ہے اس فلم میں کوئی ولن نہیں سب ہیرو ہیں۔ انوہں نے کہا پارلیمنٹ میں قانون سازی میں حصہ لینے کی بجائے اپوزیشن اپنے نیب کے کیسز پر بات کرتی ہے۔ پارلیمنٹ اس وقت نیب کا بورڈ آف گورنرز بنا ہوا ہے اور لوٹنے والے پروڈکشن آرڈر لے کر پارلیمنٹ میں بیٹھ کر تقریریں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا چند روز قبل یونیورسٹی آف سرگودھا کا پروفیسر جاں بحق ہو گیا وہ بھی امیر آدمی ہوتا تو پروڈکشن لے کر نیب کی حراست سے باہر ہوتا۔ انہوں نے کہا حکومت مثبت کاموں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ آئندہ 8 یا 10 روز میں مزید اچھے اقدامات سامنے آئیں گے۔ پاکستان بہتری کی طرف جا رہا ہے۔ پرتگال اور فرانس نے پاکستان سے سفری ہدایات ختم کر دی ہیں ہم سیاحت کے لئے آنے والے غیر ملکیوں کے ویزے میں نرمی کریں گے ملک میں سرمایہ کاری آ رہی ہے۔ سعودی عرب، یو اے ای سے سرمایہ کاری آ رہی ہے پرانا نظام سیاحت دفن ہو رہا ہے انہوں نے کہا کرپشن کرنے والے خود کہہ رہے ہیں ان کی حمایت میں لوگ باہر نکلیں لوگ اب ان کی باتوں میں نہیں آئیں گے۔ زرداری سندھ والوں کو کہہ رہے ہیں انور مجید اور مجھے بچانے کیلئے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں مسئلہ قانون سازی نہیں قانون کی عملداری مسئلہ ہے، سب کی نظریں آج کے فیصلے پر ہیں۔
فواد چودھری
لاہور( خصوصی نامہ نگار ) وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے دعویٰ کیا ہے سندھ و پنجاب کے 16-17کے بجٹ سے 5سو ارب روپے کا ریکارڈ غائب ہوا، آڈیٹر جنرل کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا شہباز شریف دور میں پنجاب کے مالی سال 16-17کے بجٹ سے 2سو ارب کا کوئی ریکارڈ نہیں اسی مالی سال میں سندھ کے بجٹ میں 3سوارب روپے بھی ریکارڈ سے غائب ہیں۔ نواز شریف کے ذہن میں ہے ہر حال میں وہ یا ان کی اولاد کو اقتدار میں رہنا چاہیے، ان کے ذہنوں میں اقتدار سے چمٹے رہنا ہی سیاست ہے، ملک میں مڈٹرم الیکشن کا کوئی امکان نہیں، نئے نظام کے لیے اپوزیشن سے تعاون کا فیصلہ کیا۔ نوازشریف اور آصف زرداری کی جائیدادیں ضبط ہونی چاہئیں، وہ تحریک انصاف کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز احمد چوہدری کے والد کے انتقال پر ان سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ فواد چوہدری، شہر یار آفریدی ، سبطین خان و دیگر نے بھی اظہار تعزیت کیا۔ نعیم الحق نے کہا آصف زرداری اور نواز شریف کے مقدمات کے فیصلے آنے والے ہیں، جس بے دردی سے انہوں نے لوٹا اس معاملے پر جاتی امراءاور بلاول ہاﺅس کی جائیدادیں ضبط ہونی چاہیے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف کے ذہن میں ہے ہر حال میں وہ یا ان کی اولاد کو اقتدار میں رہنا چاہیے، ان کے ذہنوں میں اقتدار سے چمٹے رہنا ہی سیاست ہے۔ ہم اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ تعاون کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں شہبازشریف کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بنانا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے قبل از وقت انتخابات کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا مڈ ٹرم الیکشن کرانے کا فی الحال کوئی پروگرام نہیں، عوام سے رابطے کو بہتر بنانے کے لیے جلسوں کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے، عوامی رابطہ مہم کیلئے سب سے پہلا جلسہ 27 جنوری کو میانوالی میں ہوگا۔ انہوں نے کہا پی ٹی ائی اس وقت پنجاب کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے، نیا بلدیاتی نظام آگے بڑھنے کیلئے انقلابی قدم ثابت ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا قرضوں کی ادائیگی کے مسئلے پر قابو پالیا ہے، دوست ملکوں سے ملنے والے ڈالرز سے غیر ملکی واجبات ادائیگی میں مدد ملے گی جبکہ آئی ایم ایف سے سمجھوتہ پاکستان کی شرائط پر ہوگا۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے ہر ادارہ زوال کا شکار ہو چکا ہے، اسے درست کرنا ہوگا، یوٹیلیٹی سٹورز، پوسٹ آفس، پی آئی اے، سٹیل ملز میں بیدردی کیساتھ لوٹ مار کی گئی، ماضی کے حکمرانوں نے اپنی دولت میں اضافہ کیا، غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ نیا پاکستان ہاﺅسنگ سوسائٹی کے قیام کے لیے دن رات کام کیا جارہا ہے، مستحق افراد کے لیے 5 سے 10 ہزار روپے ماہانہ اقساط پر گھر بنائے جائیں گے اس سکیم کے تحت 7 شہروں سے 5 لاکھ درخواستیں آچکی ہیں، ملک میں 10 ہزار ڈویلپر مکانات کی تعمیر میں حصہ لیں گے۔ جب وزیراعظم سے چیئرمین نیب ملنے آئے تو خان صاحب نے انہیں کہا کرپشن میں ملوث کسی بھی شخص کو نہ چھوڑیں چاہے وہ میرا وزیر اور اس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہی کیوں نہ ہو، ہمارے تین وزرا ءکے خلاف نیب مقدمات چل رہے ہیں، وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں وارننگ دی ہے کہ مجھے خبریں ملتی رہتی ہیں، میں برداشت نہیں کروں گا میری حکومت کا کوئی شخص کرپشن میں ملوث ہو۔ قانون سازی کیلئے اپوزیشن کوہمارے ساتھ چلنا ہوگا۔
نعیم الحق