• news

جعلی بنک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوگی

اسلام آباد+ لاہور (آن لائن+ وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے کیلئے 4 بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں، اسلام آباد اور لاہور رجسٹری میں ایک بنچ جبکہ کراچی رجسٹری میں دو بنچ مقدمات کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بنچ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کرے گا جبکہ چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ میں جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی سماعت بھی آج ہوگی ،عدالت فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کے حوالے سے مقدمہ بھی سنے گی۔ اسلام آباد رجسٹری میں بنچ جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل ہوگا،کراچی رجسٹری میں بنچ جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اختر اور بنچ نمبر دو میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس سجاد علی شاہ پر مشتمل ہوگا۔آئی این پی کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں عدالت کی جانب سے جے آئی ٹی کی مرتب کردہ رپورٹ فریقین کے حوالے کرنے کا امکان ہے جبکہ سپریم کورٹ میں آصف زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک ، سردار لطیف کھوسہ و دیگر پیش ہوں گے ۔
جعلی بنک اکاﺅنٹس

ای پیپر-دی نیشن