• news

ضمنی بلدیاتی الیکشن خیبر پی کے میں پی ٹی آئی، کراچی متحدہ، سکھر ڈویژن سے پی پی کامیاب

پشاور/ کراچی (بیورو رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا، دوسرے نمبر پر عوامی نیشنل پارٹی رہی جبکہ مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی تیسری پوزیشن پر رہی۔ پشاور میں ٹاﺅن کونسل کی 6 نشستوں میں سے 3 پر تحریک انصاف اور 3 پر عوامی نیشنل پارٹی کے حامی امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی ۔ سوات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کو برتری حاصل ہوئی، دس ضلعی کونسل کی نشستوں پر پی ٹی آئی نے 4، اے این پی نے 3، مسلم لیگ (ن) نے 2نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ دو تحصیل کونسل کی نشستوں پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کرلی۔ ضلع بونیر میں اے این پی نے میدان مار لیا، سات نشستوں میں سے اے ین پی نے3 جبکہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے امیدواروں نے دو دو نشستیں حاصل کرلیں۔ ضلع ایبٹ آباد میں ضلع کونسل کی پانچ میں سے تین نشستیں تحریک انصاف، دوآزاد اور ایک مسلم لیگ ن کے حصہ میں آئی، جبکہ تحصیل کی مزید ایک نشست مسلم لیگ ن کو مل گئی۔ ضلع صوابی میں اپوزیشن جماعتوں کے صوابی ڈیمو کریٹک الائنس اور تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ ضلع دےر پائےن کی سات ےونےن کونسل میں جماعت اسلامی نے دو جبکہ پی ٹی ائی نے تےن نشستےں جےت لےں ۔تحصیل کاٹلنگ کے علاقہ چرچوڑ میں جے یو آئی اور تحریک انصاف کے حامیوں کے درمیان تکرار ہوگئی جس کے بعد ہوائی فائرنگ شروع ہوگئی جس سے بھگڈر مچ گئی فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا اور خواتین ووٹر پولنگ سٹیشن میں محصور ہوگئیں ، ڈاگئی یونین کونسل میں اے این پی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوگئی جس کے بعد پولنگ کچھ دیر کے لئے بند ہوگئی ۔ضلع ہنگو میں بلدیاتی انتخابات کے آٹھواں مرحلہ کے دوران 7میں سے 6خالی نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ جبکہ نیبر ہڈ کونسل سرہ غنڈی ٹل میں جنرل نشست پر جی یو آئی ف کے امیدوار مفتی عمران نے 955ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار ہدایت بنگش338ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ شانگلہ میں ایک ضلعی کونسل، ایک تحصیل کونسل جبکہ دو جنرل ویلج کونسلوں کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی نے میدان مار لیا، مسلم لیگ دوسری پوزیشن پر رہی ، نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کراچی میں بلدیات کی بیشتر نشستوں پر کامیاب ہوگئی۔ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں ایک چیئرمین اور 2وائس چیئرمین کی نشستوں پر کامیاب ہوئی، ایم کیو ایم نے ضلعی وسطی سے خالی ہونے والی تمام نشستیں دوبارہ حاصل کرلیں، ایم کیو ایم نے جنرل ممبر کی 8نشستیں بھی اپنے نام کر لیں۔ ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم نے دو گناہ ووٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم نے کراچی، حیدر آباد اور میر پور خاص میں کلین سویپ کیا ہے۔ آن لائن کے مطابق سکھر ڈویژن کی 15 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے مطابق پیپلزپارٹی نے میدان مارلیا، کامیاب امیدواروں کے حامیوں نے جشن منایا سکھر ڈویژن کے تینوں اضلاع سکھر، خیرپور اورگھوٹکی میں15 خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا، سکھر ضلع کی ایک چیئرمین اور دو جنرل کونسلروں کی نشستوں پر پولنگ ہوئی اور یونین کونسل پٹنی کے چیئرمین کےلئے پیپلزپارٹی کے امیدوار اعجاز چھجن نے2513ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدواراصغر علی چھجن 2099ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ یونین کونسل سترہ کے جنرل کونسلر کی نشست پر بھی پیپلزپارٹی کے امیدوارگل محمد555ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مخالف امیدوار پی ٹی آئی کے محمد نعیم 401ووٹ حاصل کرسکے۔ یوسی نوراجہ کے جنرل کونسلر کی نشست پر آزاد امیدوار آدم خان 393ووٹ لےکر کامیاب جبکہ پیپلزپارٹی کے عبدالخالق مہر 221ووٹ حاصل کرسکے گھوٹکی ضلع کی یونین کونسل عمر ڈھوکی چیئرمین کی نشست پرپیپلزپارٹی کے امیدوار جام دلاور لکھن 2218ووٹ لےکرکامیاب ہوئے جبکہ انکے مخالف امیدوار جام راشد لکھن 949ووٹ حاصل کرسکے ،ڈہرکی کی یونین کونسل سائین ڈنو ملک کی جنرل کونسلر کی نشست پر بھی پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد سلیم کانجو 483و¿وٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ آزاد امیدوار بچل کانجو نے 468ووٹ حاصل کیے اسی طرح خیرپور ضلع کی دس نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں اکثر نشستوں پر پیپلزپارٹی اور فنکشنل لیگ کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔کراچی /حیدر آباد سے سٹاف رپورٹر ، نامہ نگار کے مطابق کراچی میں 22 نشستوں میں سے 11 نشستیں متحدہ نے حاصل کیں جبکہ پی پی نے 8 اور 2 آزاد امیدوار جیتے۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات

ای پیپر-دی نیشن