• news

فلسطینیوں کی بہبود کے لیے او آئی سی کا فنڈ قائم کرنے کا اعلان

جدہ(این این آئی)اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت اور بہبود کے لیے خصوصی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق او آئی سی ماہرین کا اجلاس جدہ میں منعقد ہوا جس میں تنظیم کے رکن ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اجلاس میں 50 لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے بہبود فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل یوس العثیمین نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے اونرواکو عالمی سطح پر شدید مالی بحران کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے مالی، سماجی ، انسانی اور اقتصادی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔ امریکا کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد بند کیے جانے کے بعد اونروا کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔العثیمین نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے تاریخی، سیاسی، قانون، انسانی اور اقتصادی حقوق کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈ کے قیام حوالے سے مزید اقدامات آئندہ سال ابوظہبی میں ہونے والے او آئی سی کے وزرا خارجہ اجلاس کے موقع پر غور کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن