دوران ریسلنگ ریفری نے میچ روک کر ریسلر کے بال کٹوا دیئے
لاہور(سپورٹس ڈیسک) امریکہ میں ریفری نے ریسلر کے کندھوں تک لٹکی زلفوں کو کاٹے بغیر میچ جاری رکھنے سے منع کردیا جس پر کوچ کو مجبوراً نوجوان ریسلر کے بال کاٹنے پڑے۔ امریکہ میں سکول کی سطح پر ریسلنگ مقابلوں میں میچ ریفری نے کندھوں تک بالوں کی چوٹیا بنائے کھلاڑی کو بال کاٹے بغیر میچ جاری رکھنے سے روک دیا۔نوجوان ریسلر اینڈریو جانسن کے کوچ نے میچ ریفری کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے معاملے کو سلجھانے کی کوشش بھی کی تاہم ریفری نے اصرار کیا کہ یا تو بال کاٹے جائیں یا میچ ادھورا چھوڑ کر ناک آوٹ کیلئے تیار ہوجائیں جس پر کوچ نے مجبوراً ریسلر کے بال کاٹ دیئے۔ایبڈریو جانسن نے میچ سے قبل بال ترشوانے پر رضامندی کا اظہار بھی کیا تھا تاہم بال چھوٹے کرانے کے بجائے انہوں نے لمبے بالوں کو سمیٹ کر چھپا دیا تھا لیکن ریفری کے لیے یہ ناقابل قبول تھا۔ بال کٹنے پر افسردہ اور غصے کا شکار جانسن نے یہ فائٹ بھی جیت لی جس پر لوگوں نے تالیاں بجا کر ان کے جذبے کو سراہا۔