• news

نوازشریف کیخلاف فیصلے سے سچ سامنے آ گیا‘ عمران خان : اختر مینگل کی ملاقات‘ حکومت سے معاہدہ پر عملدرآمد کا معاملہ اٹھایا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کو احتساب عدالت سے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے فیصلہ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے مشاورتی اجلاس کیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ میاں نوازشریف کے خلاف ریفرنس میں فیصلہ سے سچ سامنے آگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کو احتساب عدالت کے فیصلے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے اس فیصلے اور سیاسی صورتحال پر پی ٹی آئی کی حکمت عملی اور پارٹی موقف کی تشہیر کیلئے ہدایات دیں۔ وزیراعظم سے بی این پی کے صدر سردار اختر مینگل نے اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی سمیت ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سردار اختر مینگل نے حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدہ پر عملدرآمد کا معاملہ اٹھایا۔ بی این پی کے وفد کو معاہدہ کے نکات پر عمل کے بارے میں اقدامات کے متعلق بتایا گیا۔ دریں اثناءوزیراعظم سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اسمبلی میں زیر بحث آنے والے امور پر بات چیت کی گئی۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
عمران / اجلاس

ای پیپر-دی نیشن