• news

نوازشریف کا اصل چہرہ سامنے آ گیا‘ دفاع کرنیوالوں کو شرم آنی چاہیے : فواد چوہدری

اسلام آباد ( وقائع نگار+ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا اصل چہرہ سامنے آ گیا اور ان کا دفاع کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف کو سزا کے بعد وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو لوگ اب بھی نواز شریف کا دفاع کر رہے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے کیونکہ اس تمام معاملے میں استعمال ہونے والا پیسہ پاکستانی عوام کا ہے۔ نیب کے قانون کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی آمدن کے ذرائع کو ثابت کرنے میں ناکام رہے تو اسے کرپشن تصور کیا جائے گا اور نواز شریف اپنی آمدنی کے ذرائع ثابت نہ کر سکے۔شہزاد اکبر نے زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے خلاف جعلی اکاو¿نٹ کیس کے سلسلے میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی نے جس طرح ناجائز پیسے کے جال کو بے نقاب کیا، اس پر انہیں داد دینی چاہیے۔ اومنی گروپ میں جے آئی ٹی نے 11ہزار 500 اکاو¿نٹس کا جائزہ لیا گیا اور 100 سے زائد جعلی اکاو¿نٹس تھے جسے 32 بڑے اکاو¿نٹس تک محدود کیا گیا۔ جے آئی ٹی رپورٹ بتاتی ہے کہ سندھ میں کیسے لوٹ کھسوٹ ہوتی ہے اور اتنی کرپشن ہوئی کہ اب سمجھ میں آتا ہے پاکستان گرے لسٹ میں کیوں ہے۔ رپورٹ میں خصوصی طور پر اندرون سندھ جعلی اکاو¿نٹس کے ذریعے کرپشن کرنے کے سسٹم کی نشاندہی کی گئی ہے۔کرپٹ عناصر کو آصف زرداری کے سامنے طفل مکتب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں سے لے کر لینڈ گریبنگ تک سندھ میں کیا نہیں ہوا، سب جانتے ہیں۔ رپورٹ نے اومنی گروپ کے ناجائز پیسے کے جال کو بے نقاب کیا جہاں لوٹ کھسوٹ کے پیسوں کو چھپانے کے لیے پیچیدہ جال بنایا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ایک ٹوئٹ میں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ داعش کے خطرے کو کم سمجھنا خیالی دنیا میں رہنے کے مترادف ہے۔ افغانستان کے نئے وزیر داخلہ کے حوالے سے انہوں نے کہا ہے کہ نئے افغان وزیر داخلہ کو حقیقت پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ فیصلہ کریں کہ پاکستان کو پارٹنر بنانا چاہتے ہیں یا اپنی حکومتی ناکامی پر قربانی کا بکرا بنانا چاہتے ہیں؟ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھی ہے اور ہم صاف شفاف گورننس کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ میں کل باہر جائیداد بنالوں اور لوگوں سے اپیل کروں کہ وہ مجھے بچانے کے لیے باہر نکلیں، لوگ بے وقوف نہیں ایسی اپیلوں پر باہر نہیں نکلیں گے۔ بد عنوانی کے باعث ترقی کے راستے بند ہو جاتے ہیں، عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھی ہے، ہم صاف شفاف گورننس کی جانب بڑھ رہے ہیں، امید ہے ملک کو مالی مسائل سے نکالنے میں آصف زرداری اور نوازشریف بھی کچھ تعاون کریں گے۔ پچھلے دور میں دیکھا کرپشن غربت سے جڑی ہوئی ہے لیکن عمران خان نے جو بنیاد رکھی ہے ہم اس پر عمارت قائم کریں گے جس طرح قائداعظم نے ملک کے لیے سوچا تھا ہم قائد کے خوابوں کو تعبیر دیں گے۔
فواد چودھری

ای پیپر-دی نیشن