بھارت سمیت سب سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں: اسد عمر
کوئٹہ (بیورو رپورٹ/ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر خان نے کہاہے کہ ملک میں ایسی اقتصادی و تجارتی پالیسیاں تشکیل دے رہے ہیں جس سے زراعت و صنعتی شعبوں کی نمایاں ترقی ہو اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں بلوچستان میں زراعت کی ترقی کے لئے وفاق اور صوبائی حکومت ملکر کام کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبرز آف کامرس بلوچستان کے عہدے داران سے ملاقات اور تجارتی مشکلات کے حل کی تجاویز سے متعلق اجلاس سے خطاب میں کیا وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملائیشیا سمیت عالمی مانگ کے مطابق بلوچستان و ملک بھر میں زراعت حلال فوڈ اور منرل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے سی پیک کی عمومی صورتحال میں اگلا مرحلہ صنعتوں کے قیام کا ہے ہماری کوشش ہے کہ آئندہ مرحلے میں مختلف چیمبرز آف کامرس کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے غربت کے خاتمے کے لئے بی آئی ایس پی سمیت دیگر موثر پروگرامز متعارف کرائیں گے۔ عالمی تجارت میں دہرا معیار ختم ہونا چاہئے ہماری کوشش ہے کہ ایران سمیت خطے کے تمام ممالک سے بہتر تجارتی تعلقات استوار کریں انہوں نے کہا کہ ہم نے تجارتی تعلقات کی بہتری کیلئے بھارت کی طرف خیر سگالی کا ہاتھ بڑھایا تاہم اس کا مثبت جواب نہیں ملا۔ جدید خطوط پر نہ صرف اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگا بلکہ سیکورٹی کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تجارت اور مضبوط تعلقات چاہتے ہیں سی پی کے اگلے مرحلے میں صنعت اور تجارت کو فروغ دینا ہے غربت کے خاتمے کاروباری سرگرمیوں میں فروغ اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا ہماری اوّلین ترجیح ہے۔