بھارت: انتہا پسند ہندوئوں کا عبادت میں مصروف مسیحی برادری پر حملہ
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست کولہاپور میں 20 سے زائد انتہاپسند ہندوؤں نے ایک گھر پر حملہ کرکے عبادت میں مصروف 12 مسیحی افراد کو زخمی کر دیا۔ کوواڈ گاؤں کے ایک گھر میں مسیحی برادری خصوصی عبادت میں مصروف تھی کہ اسی دوران 20 سے زائد نقاب پوش انتہاپسند ہندوؤں نے تلواروں، لوہے کی سلاخوں اور کانچ کی بوتلوں سے حملہ کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انتہاپسند ہندوؤں کے حملے میں 12 سے زائد مسیحی افراد زخمی ہوئے جس میں سے 4 کو نازک حالت کے باعث ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔ انتہاپسند ہندوؤں کے حملے کو ناکام بنانے کیلئے مسیحی خواتین نے مرچ پاؤڈر کا استعمال کرکے اپنی جانیں بچائیں اور حملہ آوروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا جس کے باعث کوئی بڑا جانی نقصان نہیں ہوا۔