نوازشریف کو کرپشن نہیں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی سزا دی گئی: جاوید لطیف
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی ) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں جاوید لطیف ایم این اے نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کو ریفرنس دائر ہونے سے پہلے پکڑ کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے جبکہ پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی جو کہ کرپشن میں ملوث ہیں ان کو گرفتار نہیں کیا جارہا۔ پرویز الٰہی ، علیمہ خان ،علیم خان ،پرویز خٹک ،عاطف خان سمیت درجنوں پی ٹی آئی کے رہنمائوں پر نیب کے کیس ہیں اس وقت صرف مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے 142یوم پیدائش کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں محمد پرویز ،رانا محمد اشرف خان ،حاجی شیخ محمد یعقوب بگا ،میاںرفاقت علی ،احمد خورشید ،ملک پرویز اقبال ،شیخ عظیم جاوید ،حاجی میاں عبدالرشید ،حاجی عبدالحق ،رانا مہران علی ،میاں تنویر احمد ،میاں ذیشان پرویز ،اکبر علی چوہان ،میاں منور اقبال ،میاں اعجازاحمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کرپشن میں نہیں بلکہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے موٹروے بنانے لوڈشیڈنگ کے خاتمے بجلی کے نئے کارخانے معیشت کی بحالی کیلئے سی پیک جیسے منصوبے مکمل کرنے کی سزا دی گئی ہے جبکہ شہباز شریف کو بغیر کسی ریفرنس کے جیل میں رکھا جارہا ہے۔