شہباز ، نواز شریف سے بڑا کرپٹ ہے، سو فیصد یقین ہے کوئی این آر او نہیں ہو گا: شیخ رشید
کراچی (آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف نواز شریف سے بڑا کرپٹ ہے‘ بلاول زرداری کی سیاست کی بھینٹ چڑھ جائے گا‘ تھوڑا سا جھاڑو پھرا ہے جیسے پیر پھونک مارتا ہے‘ مجھے عمران خان پر سو فیصد یقین ہے کہ کوئی این آر او نہیں ہوگا۔ منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے شیخ رشید نے کہا کہ ہماری بدنصیبی ہے کہ چور چوکیدار بن گیا‘ چور‘ ڈاکو اور لٹیرے قانون کے شکنجے میں آئے۔ ان کی شکلوں پر لکھا گیا کہ یہ ڈاکو چور ہیں۔ انہوں نے ساری قوم کی جیبیں کاٹی ہیں اور معزز کہلا رہے ہیں۔ بلاول اپنے والد زرداری کی سیاست کی بھینٹ چڑھ جائے گا۔ ذصف زرداری کی سیاسی وصیت کا نہیں معلوم کہاں پڑی ہوئی ہے۔ مجھے عمران خان پر سو فیصد یقین ہے کہ کوئی این آر او نہیں ہوگا۔ میرے شدید تحفظات ہیں جس کالونی میں منتخب منسٹر رہتے ہیں وہیں چور رہتا ہے۔ میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں شہباز شریف نواز شریف سے بڑا کرپٹ ہے۔ شاہد خاقان عباسی اور دیگر وکٹ کی دونوں جانب کھیلنے والے ملکی سیاست میں کامیاب ہوتے ہیں۔ مجھے کلاشنکوف کیس میں سات سال قید ہوئی یہ ساری دنیا کا خزانہ لوٹنے کے بعد سات سال قید ہوئے۔ تھوڑا سا جھاڑو پھرا ہے جیسے پیر پھونک مارتے ہیں۔ بینظیر بھٹو کی وصیت نوکرانی کے پرس سے نکلی۔ شیخ رشید نے ٹرینوں کے کرائے میں مزید اضافے کا اشارہ دے دیا۔ کراچی میں فریٹ ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے شیخ رشید نے کہا کہ ہمارے فریٹ کی آمدن 18 ارب روپے ہے، 14 سال پہلے جہاں ریلوے کو چھوڑ کر گیا چیزیں ویسی ہی ملیں، لوگوں نے بس انجن خریدے۔ دھابیجی ایکسپریس ناکام ہوئی تو اسے میرپور خاص تک کردیا، کراچی سے پشاور تک پٹری ڈالنے کے لیے چین سے بات چل رہی ہے، پرانی پٹڑی کو دوسری لائنوں پر لے جائیں، کراچی سرکلر ریلوے بھی سی پیک کا حصہ بن چکا ہے۔ مجھے معیشت کا پتہ ہے، میں 8 مرتبہ وزیر رہا ہوں، ریلوے کا خسارہ پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے ہی ختم ہوگا، میں ریلوے کرائے میں مزید اضافہ کروں گا۔ جانے سے قبل ریلوے کے ملازمین کا ایک گریڈ بڑھا کر جاؤں گا۔ واضح رہے کہ رواں سال 5 دسمبر کو ہی ریلوے نے ٹرین کے کرایوں میں 10 سے 19 فیصد تک اضافے کا اعلان کیا تھا۔