چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی جھنگ کیخلاف تحقیقات کا آغاز، نیب نے مدعی کو آج طلب کر لیا
جھنگ (نامہ نگار) نیب لاہور نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد یونس رشید کے خلاف مبینہ سنگین کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ مدعی محمد اخلاق قریشی کو آج 26 دسمبر لاہور نیب آفس طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی جھنگ کی اختیارات سے تجاوز اور کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کاآغاز کردیا جس پر جھنگ کے عوام صحت کے سینئر ڈاکٹرز و اہلکاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ سماجی کارکن محمد اخلاق قریشی نے ڈائریکٹر جنرل نیب کو دی گئی درخواست میں الزام عائد کرتے موقف اختیار کیا کہ چیف ایگزیکٹو افسر ہیلتھ ڈاکٹر محمد یونس رشید نے چارج سنبھالتے ہی محکمہ صحت جھنگ میں مبینہ کرپشن کا بازار گرم کررکھا ہے موصوف نے اپنے منظور نظر اہلکاروں کی معاونت سے اٹھارہ سینٹری پٹرولز کی مبینہ بوگس انداز میں لاکھوں روپے نذرانہ وصول کر کے تقرریاں کیں۔ درخواست پر نیب لاہور نے تحقیقات کا آغاز کرتے سماجی کارکن محمد اخلاق قریشی کو آج لاہور نیب دفتر طلب کر لیا۔