ایمپریس مارکیٹ سمیٹ اطراف کے علاقوں کو خوبصورت بنانے کیلئے کمیٹی قائم
کراچی (خبر نگار) ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقوں کو خوبصورت اور اصل حالت میں بحال کرنے آئندہ اس کے بہتر استعمال کا تعین کرنے کے لئے شہر کے معروف ماہرین تعمیرات ، ہیریٹیج ، باغ بانی شہری امور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی مشاورت سے ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کی بحالی پر کام کیا جائے گا، کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کو کمشنر ہاؤس میں میئر کراچی وسیم اختر اور کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی کی صدارت میں منعقد ہوا ، اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، تعمیرات اور باغ بانی کے ماہرین لیاقت علی خان، شاہد فیروز، یاور عباس، شاہد عبداللہ، طارق ہدیٰ، محمد عاصم، کومل پرویز، دوریا قاضی، ماروی مظہر سمیت ڈائریکٹر جنرل پارکس آفاق مرزا اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے مگر اس کو ہم نے خود ہی خراب کر دیا۔ اس کی خوبصورتی کی وجہ اس کی ٹائون پلاننگ اور خوبصورت عمارتیں ہیں، ماہرین نے کہا کہ کراچی واحد شہر ہے جس کو انگریزوں نے ٹائون پلاننگ کے تحت تعمیر کر کے برصغیر کے نقشے میں ایک نئے شہر کا اضافہ کیا۔ باقی شہروں پر انگریزوں نے قبضہ کیا تھا جبکہ کراچی کو ایک نئے شہر کے طور پر آباد کیا گیا اسی لئے کراچی منفرد تعمیرات کا حامل اور خوبصورت ہے اس کی خوبصورتی کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئے، اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے آئندہ 200 سال کی منصوبہ بندی کی جانی چاہیے، ماہرین نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ بھی انہی عمارتوں میں سے ایک ہے جو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہے لہٰذا اس کی بحالی بڑے احتیاط کے ساتھ ہونا چاہئے۔ ماہر باغ بانی لیاقت علی خان نے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف مجوزہ پارک کی تعمیر پر بریفنگ دی جبکہ میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقے کی منصوبہ بندی پر اجلاس کو تفصیلات بتائیں اورماہرین کو آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقے کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے مشاورت کے عمل کے ساتھ ساتھ ہوم ورک بھی جاری ہے، یہاں منظور شدہ پلان کے تحت ہونے والے کاموں کے حوالے سے نقشے کے دو بڑے پینافلیکس بھی آویزاں کئے جائیں گے تاکہ یہاں سے گزرنے والے شہریوں کو معلوم ہوسکے کہ یہاں کیا کام کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے باہر ایک بہت ہی خوبصورت فینسنگ گرل بھی لگائی جائے گی جس کا ڈیزائن اس طرح ہوگا کہ باہر سے گزرنے والے لوگوں کو اندر کا منظر واضح طور پر نظر آئے گا، انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کی اصل خوبصورتی اور بحالی کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں۔کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے لئے انتظامیہ تمام اداروں کے ساتھ ہے، ایمپریس مارکیٹ کو محفوظ بنانے اور اسے اس کی اصل صورت واپس دلانے کے لئے جو بھی کوششیں کی جا رہی ہیں ضلعی انتظامیہ بھرپور طریقے سے اس میں تعاون کر رہی ہے۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے اجلاس میں بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ کی بحالی کے کام کو دو فیز میں مکمل کیا جائے گا جس کے پہلے مرحلے میں عمارت کے اندرونی حصے اور بعدازاں باہر اطراف کے حصے کو اس کی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا،ایمپریس مارکیٹ کے اطراف موجودہ زمین ایمپریس مارکیٹ سمیت تقریباً 5 ایکڑ رقبے پر محیط ہے جبکہ عمارت کے چار دروازے ہیں، ان چار دروازوں کے باہر جو پارک بنائے جائیں گے ان میں داخلے کے لئے بھی خوبصورت گیٹ بنائے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مزید بنائے جانے والے دروازے اور فینسنگ گرل کو ایمپریس مارکیٹ کے رنگ جیسی اور اس سے میچنگ کرتے ہوئے طرز پر بنایا جائے جبکہ پارک میں واک ویز بھی بنائے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ایمپریس مارکیٹ کو نمایاں اور روشن رکھنے کیلئے سڑک کے دوسری جانب لائٹس نصب کرکے روشنی ڈالی جائے گی تاکہ یہ عمارت آنے جانے والوں کو دور سے ہی چمکتی ہوئی اور روشن نظر آئے۔