حیران ہوں بنی گالہ کیسے خریدا، بنایاخرچ کس طرح چل رہا ہے : بختاور
کراچی(نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) بختاور بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پپٹ لیڈر لانے کیلئے 2018ء کا الیکشن چوری کیا گیا، حیران ہوں بنی گالا کیسے خریدا اور تعمیر کیا گیا اور اس کے خرچے کیسے چل رہے ہیں؟ پریشان ہوں کہ لوگوں کے گھرگرائے جا رہے ہیں، بنی گالا کو ریگولرائز کیاجا رہا ہے۔ ایک ٹویٹ میں بختاور بھٹو زرداری نے کہاکہ میں حیران ہوں کرکٹ ٹیم کی 6.3ملین ڈالر میں خریداری کی منی ٹریل کیوں نہیں مانگی گئی، حیران اور پریشان ہوں علیمہ خان سے کمپنیوں، جائیدادوں کی منی ٹریل کیوں نہیں پوچھی گئی۔ اس پر بھی حیران ہوں کہ بغیرکسی میگا منی لانڈرنگ کے بی آرٹ ی منصوبہ 1 ٹریلین کا کیسے ہوگیا؟ حیران ہوں ضمنی انتخابات میں ہارکے باوجود پی ٹی آئی خود کو حکمرانی کا قانونی حقدار سمجھتی ہے۔ پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں سب کچھ کھودیا، اب اپوزیشن کو چپ کرانے کیلئے وارنٹ گرفتاری کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے غیر قانونی ووٹ بینک کے مزید کیا ثبوت چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں بہت ساری باتیں مضحکہ خیز ہیں۔ عوام کو باتیں بنانے کا موقع مل گیا۔ گھبرانے والے نہیں۔ عدالت میں سامنا کریں گے۔ مراد علی اور گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مزار قائد پر حاضری دی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم مزار قائد پر اس بات کی تجدید کرنے آئے ہیں کہ اس ملک کو خوشحال بنائیں گے۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ میڈیا کے ذریعے سامنے آئی ہے میری نظر میں قانون کے خلاف ہے،ہم عدالت میں اس کا سامنا کریں گے۔ ہمیں عدلیہ کا ہر فیصلہ قبول ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہوننا چاہئے صرف اپوزیشن کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اس پکڑ دھکڑ سے لوگ بور ہو جائیں گے احتساب کے شفاف عمل سے ہمیں بھی کوئی شکایت نہیں سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، عوام نے آپ کو ووٹ صرف عوام کی خدمت کیلئے دیئے ہیں۔ عمران خان علیمہ خان و دیگر کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں ہو رہی نہ ان پر کوئی جے آئی ٹی بنائی گئی ہے۔