شام میں تعمیر نو کیلئے سعودی عرب مدد کرے گا: امریکی صدر
واشنگٹن (سنہوا) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے شام میں تعمیرنو کیلئے سعودی عرب رضامند ہو گیا ہے۔ ٹویٹ میں کہا کہ امریکہ کی جگہ اب سعودی عرب شام میں ضروری رقم خرچ کرے گا۔ امریکہ 5 ہزار میل دور ہے دیکھیں یہ کتنا اچھا ہے بڑے ملک کے بجائے امیر ہمسایہ ممالک تعمیرنو کیلئے مدد کریں، ہم سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ شیڈول سے قبل وزیر دفاع میٹس کو فارغ نہیں کیا جائے گا۔ امریکی صدر کی ترک ہم منصب کو فون کال کی تفصیلات سامنے آئی ہیں جس میں ٹرمپ نے اردگان کو کہا کہ ہم اپنا کام کر چکے ہیں اب شام آپ کے حوالے۔ سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق 14دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان گفتگو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا آپ ہی وہ شخص ہیں جو داعش کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اور سینئر حکام نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم شام میں داعش کا خاتمہ کر دیں گے، ہم نے پہلے بھی یہ کام کیا ہے اور جب تک امریکہ کی لاجسٹک سپورٹ ساتھ ہے، ہم داعش کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ ترکی شام میں داعش کی باقیات کا خاتمہ کر دے گا۔ طیب اردگان ہی وہ شخص ہے جو یہ کام کر سکتا ہے جبکہ امریکی فوج واپس گھر آ رہی ہیں۔