• news

30 سال قوم، اداروں اور ساتھیوں کو دھوکہ دینے والے بالآخر پکڑے گئے: طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ معصوم شکل بنا کر 30سال قوم، اداروں اور ساتھیوں کو دھوکہ دینے والے بالآخر پکڑے گئے، ابھی سانحہ ماڈل ٹائون کیس کا فیصلہ آنا باقی ہے، 14شہریوں کے ناحق قتل پر بھی کہا گیا تھا کہ ضمیر مطمئن ہے، اشرافیہ کو کرپشن کے سمندر میں سے محض چند قطروں پر سزا ملی، کرپشن کیسز پر فیصلوں کا آنا خوش آئند بات ہے، بڑا چیلنج لوٹ مار کے مال کی ریکوری ہے۔ وہ گزشتہ روز ٹیلیفون پر سینئر رہنمائوں سے بات چیت کررہے تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ غریب عوام کے تن سے کپڑے، منہ سے نوالے چھیننے والے کسی رو رعایت کے حقدار نہیں ہیں،کرپشن پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے سے ہی معیشت ٹریک پر آئے گی۔ پاکستان کا دنیا بھر میں خراب ہو جانے والا امیج ٹھیک کرنے میں مدد ملے گی۔ اللہ کی بے آواز لاٹھی جب حرکت میں آتی ہے تو ساری مہلتیں، سہولتیں ختم ہو جاتی ہیں۔ جن کی گردنوں میں سرئیے تھے آج انہیں تنکوں کے سہارے بھی میسر نہیں وہ نشان عبرت بنے ہوئے ہیں۔ ایمان تھا کہ 17 جون 2014 ء کے دن ماڈل ٹائون میں خواتین کے چہروں پر گولیاں برسانے والے 70,70سال کے بزرگوں کی ہڈیاں توڑنے والے اور نوجوانوں پر آگ برسانے والے گرفت میں آئیں گے۔ مظلوموں کی آہیں ضرور آسمان تک پہنچیں گی۔ ایک دن انصاف کی شکل میں اللہ کا امر ضرور نازل ہو گا۔ یہ سب شروعات ہیں ، ان کا مزید عبرتناک انجام ہو گا۔ سانحہ ماڈل ٹائون کی ازسرنو تفتیش کے حوالے سے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کا موقف تسلیم کیے جانے پر اطمینان ہے۔ بہتر ہے دونوں بھائی لاہور کی جیل میں ہی رکھے جائیں تاکہ لاہور میں کام کرنے والی جے آئی ٹی کو بوقت ضرورت انہیں طلب کرنے اور لانے میں سہولت رہے۔

ای پیپر-دی نیشن