عوام نے خدمت کے لئے منتخب کیا، مریضوں کو علاج کا حق دینے کی خاطر آخری حد تک جائیں گے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ڈاکٹرز کے وفد نے ملاقات کی جس میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ دکھی انسانیت کو بہترین ہیلتھ کیئر سسٹم دینا میرا مشن ہے اور آپ کے تعاون سے صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو مثالی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے جمود کو توڑنا ہو گا اور مریضوں کو علاج معالجے کا حق دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے کیونکہ مریضوں کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی ہماری سرفہرست ترجیح ہے۔ ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ ہیلتھ کئیر سسٹم میں بہتری لانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ دکھی انسانیت کی خدمت اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے ڈاکٹروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ عام آدمی کو اس کی دہلیز پر بہترین علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ جس طرح عوام نے ہمیں اپنے ووٹ کے ذریعے اپنی خدمت کیلئے منتخب کیا ہے، اسی طرح ڈاکٹروں کو بھی ان کے والدین اور میڈیکل اداروں نے اس مقام پر پہنچایا ہے۔ ڈاکٹروں اور سیاستدان کا کردار اگرچہ مختلف ہے تاہم دونوں کا مقصد ایک ہے اور ہمیں مل کر انسانیت کی خدمت کرنا ہے اور اپنے صحت کے اداروں کو بہتر بنانا ہے۔ عثمان بزدار نے نامور شاعر و ادیب محمد انور معین زبیری اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری کے والد حضرت شیخ گل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے یوم قائدؒ اور کرسمس کی تقریبات کے موقع پر صوبے میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس اور قانو ن نافذ کرنے والے اداروںکو شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈی نیشن بہترین رہی ۔ اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کے لئے کام کرنا ہے۔ عثمان بزدار نے علی رضا عابدی کے قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔