• news

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی گیارہویںبرسی آ ج منائی جائے گی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں ہوگی‘سندھ حکومت کا آج تعطیل کا اعلان

کراچی (وقائع نگار) سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی 11 ویں برسی آ ج جمعرات کو منائی جائیگی۔ اس سلسلے میں جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے قافلے نوڈیرو پہنچ گئے ہیں۔ جبکہ پیپلز پارٹی کے زیراہتمام ملک بھر میں تعزیتی اجتماعات اور مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائیگی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کارکن، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ارکان شرکت کریں گے۔ مرکزی تقریب گڑھی خدابخش لاڑکانہ میں ہو گی جس میں شرکت کیلئے جنوبی پنجاب سے بھی قافلے روانہ ہوچکے ہیں۔ دریں اثنا سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سندھ حکومت نے آج صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔ تمام صوبائی سرکاری دفاتر اور ذیلی ادارے اور صوبائی حکومت کے ماتحت تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ برسی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ پولیس کی بھاری نفری بھی نوڈیرو پہنچ گئی جبکہ سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے۔ برسی کی تقریبات کا آغاز صبح 9 بجے ہوگا جبکہ اس موقع پر جلسہ بھی ہوگا جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، خورشید شاہ، اعتزاز احسن، رضا ربانی، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، مراد علی شاہ اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔ تمام رہنما لاڑکانہ پہنچ چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن