• news

دھمکیوں سے خاموش نہیں کرایا جا سکتا، خیبر پی کے والے میگا کرپشن کیسز بھی منطقی انجام تک پہنچائیں گے: چیئرمین نیب

پشاور (این این آئی) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے واضح کیا ہے کہ دھمکیوں کے ذریعے نیب کو خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔ ہمارا ہر قدم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے۔ نیب اپنی پرفارمنس اور کارکردگی سے پراپیگنڈا کا مقابلہ کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ بدھ کو چیئرمین نیب نے نیب خیبر پی کے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی نیب خیبر پی کے نے میگا کرپشن مقدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف نیب کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ نیب کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ کے پی کے میں میگا کرپشن کے مقدمات کو بھی شفاف‘ میرٹ‘ ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں میگا کرپشن کے مقدمات الماریوں اور فائلوں سے نکالے، ان تمام کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ رواں سال بدعنوانی کے 440 ریفرنس دائر کئے۔ قانون کے دائرے میں ہر قدم اُٹھا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن