نوازشریف کیخلاف پاکپتن دربار اراضی کیس‘ خالق داد کی معذرت‘ حسین اصغر جے آئی ٹی کے نئے سربراہ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ نے نوازشریف کے خلاف پاکپتن دربار اراضی کیس میں تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کے سربراہ کو تبدیل کردیا گیا۔ گزشتہ روزسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی جی نیکٹا خالق داد لک نے ذاتی وجوہات کی بنا پر تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی سے معذرت کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ خالق داد لک کی معذرت کی وجوہات حقائق پر مبنی ہیں۔ دباﺅ نہیں ڈال سکتے لہذا خالق داد پر سپریم کورٹ کا بینچ نمبر 1 اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔ خالق داد لک کی معذرت کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب ڈاکٹر حسین اصغر کو جے آئی ٹی کا نیا سربراہ مقرر کردیا۔ عدالت نے جے آئی ٹی کے نئے سربراہ کو 10 روز میں ٹی او آر دینے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ نوازشریف کو بطور سابق وزیراعلی پنجاب سمری منظور کرنے پر وضاحت کیلئے سپریم کورٹ میں طلب کیا جا چکا ہے۔ جب کہ 13 دسمبر کو نوازشریف کے وکیل نے جے آئی ٹی کے لیے آمادگی ظاہر کی تھی۔
سربراہ تبدیل