• news

زرداری، بلاول کو شرمندہ ہونا چاہئے بی بی کے قاتل نہ پکڑ سکے: فیاض چوہان

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر برائے اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے بمعہ اہل و عیال سرکاری خزانے پر لوٹ مار کی۔ انہوں نے کرپشن کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ اپنے 5سالہ دور صدارت میں غریب عوام کے پیسوں کو یاجوج ماجوج کی لمبی زبان سے چاٹ کر صاف کر دیا ہے۔ اور اگر ان سے ان کی کسی بد دیانتی کا حساب مانگ لیا جائے تو جمہوریت اور اٹھارویں ترمیم کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری کی تقریر کے ردعمل کے طور پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے اپنی ہمشیرہ فریال تالپور، اومنی گروپ، شرجیل میمن اور ڈاکٹر عاصم سمیت پورے خاندان اور عزیز و اقارب کے ساتھ مل کراربوں کھربوں کی کرپشن کی ہے۔ اب جب جے آئی ٹی نے کہہ دیا ہے کہ کرپشن ہوئی ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں اور یہ عدلیہ اور اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا بےنظیر بھٹو کی برسی پر آصف زرداری اور بلاول کو شرمندہ ہونا چاہیے کہ آج تک وہ بی بی کے قاتلوں کو نہیں پکڑ سکے۔دریں اثناءفیاض الحسن سے سینئر ہدایت کاروں، اداکاروں اور کیمرہ مینوں کے وفد نے ملاقات کی۔الطاف حسین، حسن عسکری، مسعود بٹ اور کے ڈی مرزا سمیت فلم انڈسٹری کے سینئر فنکار بھی شامل تھے۔ وفد نے صوبائی وزیر ثقافت کو بتایا کہ ان کے کمال فن کی مد میں دیئے گئے چیک گزشتہ آٹھ مہینے سے ریلیز نہیں ہوئے۔ انہوں نے صوبائی وزیر سے درخواست کی کہ ان کے چیک ریلیز کیے جائیں۔ فیاض الحسن چوہان نے موقع پر سیکرٹری ثقافت اور متعلقہ حکام کو حکم دیا کہ دو دن کے اندر اندر ان کے چیک کلیئر کروا کے ریلیز کروائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ ثقافت عمران خان اور سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پر عزم ہے کہ اپنی فنکاربرادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔فیملی تھیٹر اور فیملی ڈرامہ کو فرغ دیا جائے گا۔ پنجاب میں اب بھارتی یا غیر ملکی ثقافت نہیں چلنے دیں گے۔ فنکاروں کے لیے اور ان کے اہل و عیال کے لیے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجرا بھی کیا جا رہا ہے۔ اس ہیلتھ انشورنس سے تقریباً 6000 خاندان مستفید ہوں گے۔ اسی طرح موجودہ مالیاتی سال میں 70 لاکھ کے فنڈز آرٹسٹ سپورٹ فنڈ میں بھی رکھے گئے ہیں۔
فیاض چوہان

ای پیپر-دی نیشن