موثر سرحدی اقدامات پر اتفاق‘ امن عمل افغانوں کے زیر سرکردگی‘ عوام کی خواہش کے مطابق ہونا چاہیے : آرمی چیف‘ نیٹو کمانڈر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن دیکھنا چاہتا ہے کیونکہ افغان امن پاکستان میں امن کیلئے ضروری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے افغانستان میں اتحادی فوج کے امریکی سربراہ جنرل آسٹن سکاٹ ملر سے جی ایچ کیو میں ہونیوالی ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ دونوں عسکری قائدین کا اس بات پر اتفاق تھا کہ افغان امن عمل افغانوں کی زیرسرکردگی اور افغان عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ ملاقات میں خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان مصالحتی عمل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں دہشتگردوں کیخلاف م¶ثر سرحدی اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پاکستان میں متعین روس کے سفیر الیگزی دیدوف نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران روس کے سفیر نے پاک آرمی کی طرف سے روسی کوہ پیما کی جان بچانے کے لئے کامیاب ریسکیو آپریشن پر آرمی چیف کو روسی کوہ پیمائی فیڈریشن کی طرف سے تعریفی خط بھی پہنچایا۔ بعدازاں روس کے سفیر نے روسی کوہ پیما کو ریسکیو کرنے والی پاک فوج کی ٹیم کو اعزازات سے نوازا۔ اعزازات حاصل کرنے والوں میں دس افسر اور دو جوان شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کی ٹیم نے جولائی دو ہزار اٹھارہ میں روسی کوہ پیما الیگزنڈر گوکوف کو ایک کامیاب آپریشن میں انتہائی دشوارگزار اور نامساعد موسمی حالات کے باوجود کامیابی سے ریسکیو کیا تھا۔
آرمی چیف