• news

امریکہ افغانستان سے نکل جائے ورنہ سوویت یونین جیسا حال کرینگے: طالبان

کابل (نوائے وقت رپورٹ) طالبان نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کو افغانستان سے نکل جانا چاہئے ورنہ سوویت یونین جیسا حال کریں گے۔ سوویت یونین حارجیت کی 39 ویں سالگرہ کے موقع پر طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے پیغام میں کہا امریکی فوج کو افغانستان میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اسے اپنے سرد جنگ دشمن سوویت یونین کے تجربے سے سبق سیکھنا چاہئے۔ یاد رہے سوویت یونین نے 1989ء میں افغانستان سے فوجیں نکال لی تھیں۔افغانستان میں فضائی حملوں، جھڑپوں اور آپریشن کے دوران 2 رہنمائوں سمیت 17 طالبان ہلاک ہوگئے۔ غزنی کے علاقے قارا باغ میں جھڑپ میں 3 طالبان مارے گئے۔ ضلع آب بند میں فضائی حملے میں 4 طالبان ہلاک ہوئے، قارا باغ کے قریب بھی جھڑپ کے دوران 4 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ ادھر صوبہ ہرات کے ضلع شنداد میں بمباری سے ملا اختر اور ملا ایواز کو مارنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ حملے میں عسکریت پسندوں کی 7 موٹرسائیکل اور 2 گاڑیاں بھی تباہ کردی گئیں۔ صوبہ ننگرہار کے ضلع پچرا گام میں فضائی حملے میں داعش کا ترجمان صل عزیز عظام مارا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے وہ دہشت گرد بھرتی کرنے اور شہریوں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔

ای پیپر-دی نیشن