ہارے ہوئے کو گلے لگا کر رکھنا سب سے مشکل کام ہے:عاطف رانا
لاہور(نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان سپر لیگ کے مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ اس لیگ کی وجہ سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی ہوئی ہے۔ پی ایس ایل ہمارا برانڈ ہے ہم سب نے مل کر اسے اور بہتر بنانا ہے۔ لاہور قلندرز کی سارا سال ہونیوالی سرگرمیوں کا مقصد بھی پاکستان سپر لیگ کے ساتھ شائقین کے تعلق کو برقرار رکھنا ہے۔ قلندرز کے مختلف پروگرامز نے پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ پی ایس ایل کو مقبول عام بنانے اور اسے لوگوں تک پہنچانے میں ہماری کوشش کامیاب رہی ہے۔ اس کیساتھ ساتھ ہمارے پلیئرز ڈیویلپمنٹ پروگرام نے بھی اپنی اہمیت قائم کی ہے۔ ہم مختلف سرگرمیوں کو پلان کرتے ہوئے اس میں عوامی دلچسپی کو نظر انداز نہیں کرتے۔ ہم مالی لحاظ سے دوسری مہنگی ٹیم ہیں تینوں ایڈیشنز میں نتائج خراب ہونے کے باوجود ہماری انتظامیہ کوچنگ سٹاف کے حوصلے اور لگن میں کوئی کمی نہیں آئی۔ ہارے ہوئے کو بھی گلے سے لگا کر رکھنا سب سے مشکل کام ہے۔ نئے چیئرمین احسان مانی سے بھی بہت توقعات ہیں کہ پی ایس ایل کو بہتر بنانے میں کرکٹ ایڈمنسٹریشن میں انکا وسیع تجربہ کام آئے گا۔ لاہور قلندرز نے اس بزنس ماڈل سے بھی کرکٹ کو عام آدمی کا کھیل بنانے کی کوشش کی ہے۔