پاکستان سیز فائر کی خلاف ورزیاں بند کرے ورنہ دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں : بھارتی وزیر دفاع
نئی دہلی (کے پی آئی) بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتا رامن نے پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزام عائد کرتے ہوئے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان کو سیز فائر کی خلاف ورزی کا سلسلہ بند کرنا چاہئے ورنہ بھارت دندان شکن جواب دینے کا اہل ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کنٹر ول لائن کی صورتحال پر تشویش ظاہرکرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان بھارت کا پڑوسی ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم انہوں نے سرحدوں پر افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کے درمیان پاکستان پر جنگ بندی معاہدے کے خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا بھارت کی طرف سے دوستی کا ہاتھ بڑھانے کے باوجود بھی پاکستان اپنی کرتوتوں سے باز نہیں آتا ہے۔ وزیر دفاع نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ سرحدوں پر جارحیت کو بند کرکے جنگ بندی معاہدے پر عمل کرے نہیں تو بھارت بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا اہل ہے۔ انہوں نے کہا میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ جب بھارت نے پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات کو مزید خوشگوار بنانے سے متعلق ہاتھ بڑھایا تو وہ ایسا کیوں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے اور اس کے ساتھ ہم دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔
بھارتی وزیر دفاع