• news

ہر ادارے کا احتساب ہونا چاہیے بھاگنے والے ہیں نہ گرفتاری پر تحریک چلائیں گے : بلاول‘ کوئی ڈرا‘ جھکا نہیں سکتا : زرداری

لاڑکانہ+ گھوٹکی +اسلام آباد (نامہ نگاراں ،نوائے وقت رپورٹ، ایجنسیاں، نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی نے قیادت کی گرفتاری پر تحریک نہ چلانے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قیادت کی گرفتاریوں پر نہیں نظریئے پر تحریک چلاتے ہیں، کوئی مقدس گائے نہیں، ہر ادارے کا احتساب ہونا چاہئے۔ سوئس اکاﺅنٹس والے جرنیلوں اور پانامہ والے ججوں کیلئے این آر او ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ای سی ایل اور نوٹسز سے نہیں ڈرتے، ہم جان دینے والے لوگ ہیں، بھاگنے والے نہیں، بزدل خان بھاگ جائیں گے، کٹھ پتلی حکومت والے بھاگ جائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ این آر او علیم خان، علیمہ خان اور دیگر کےلئے ہے، اپوزیشن والوں کے لیے کوئی این آر او نہیں اور اپوزیشن این آر او چاہتی بھی نہیں ہے۔ اس وقت وفاق کمزور ہوتا جارہا ہے اور پورے پاکستان میں چاروں طرف لوگ ناراض ہیں، ملک کے حالات خراب ہیں، مہنگائی کے سونامی نے ملک کو ڈبو دیا ہے۔ مراد علی شاہ پر میرا 100 فیصد اعتماد ہے، پیپلزپارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا البتہ لوگوں کے دماغ میں بن رہا ہے۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے گیس فیلڈ اور کول مائن میری نہیں عوام کی ہے۔ کول مائننگ جو کی وہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کی گئی۔ کول مائننگ پر پہلا حق وہاں کے لوگوں کا ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ پیپلزپارٹی قیادت اور کارکنوں کو کوئی ڈرا سکتا ہے نہ جھکا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آصف علی زرداری نے گھوٹکی کے نواحی علاقے خان گڑھ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں اردو میں اس لئے بولتا ہوں کیونکہ اسلام آباد میں اندھے بہرے اور گونگے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو ان کے قدرتی وسائل کا حق نہ دیتی تو پھر کس طرح سے ان کے شہروں کے مسائل کا ازالہ کیا جاتا۔ اگر اب گھوٹکی میں گیس نکل رہی ہے تو اس میں گھوٹکی کو اس کا حق نہ ملے تو اس کیا قصور ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر بات نکلی تو پھر دور تک جائے گی ہم نے تو مولانا عبدالکلام کی کتاب کو بند کرنے کے لئے یہ سب کیا۔ قدرتی وسائل کا حق اپنے لئے نہیں بلکہ غریب لوگوں کو دینے کے لئے کیا۔ پیپلزپارٹی کا فلسفہ ہے کہ پہلے غریب کا حق ہے، یہ فلاسفی دوسرے صوبوں کو بھی اپنی عوام کو دینی چاہئے کیونکہ اس سے پاکستان مضبوط ہوتا ہے۔ صرف کہہ دینے سے پاکستان مضبوط نہیں ہو گا۔ اگر عوام خوشحال ہوتی ہے تو چین کی نیند سوتے ہیں، ہم نے کیا گناہ کیا ہے۔ ہمارے یہ سارے کام آنے والی تاریخ میں لکھے جائیں گے۔ آصف زرداری نے کہاکہ کہا جاتا ہے کہ ہم نے سندھ میں دھاندلی کرا کر الیکشن جیتا اور اگر کسی کو بہت زیادہ تکلیف ہے تو دوبارہ کوشش کرا کر دیکھ لیں۔ کیونکہ پیپلزپارٹی اپنی خدمت کے لئے نہیں بلکہ لوگوں کی خدمت کے لئے اقتدار میں آتی ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ جس قوم نے اپنے حق کو لینا سمجھنا اور منوانا سیکھ لیا ہو تو اس پارٹی قیادت اور ورکرز کو کوئی جھکا اور ڈرا نہیں سکتا۔ دعا کریں کہ اللہ ہم سب کو عزت اور صبر تک ایمان دے۔ قبل ازیں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے پچھلے سالوں کی نسبت کم ٹیکس وصول کیا ہے یہ ناتجربہ کار لوگ ہیں سو دنوں میں کچھ نہیں کر سکے تو ہمیں چور ڈاکو کہنے لگ گئے۔ سندھ کے لوگوں سے دشمنی کی جا رہی ہے اور انہیں بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیا گیا۔ ہمارے صوبے میں ہمیں ہرانے کی کوشش کی گئی لیکن لوگوں نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ وفاق سے حق لے کر رہیں گے۔ عمران خان کو تو ان کی بیوی یاد دلاتی ہے کہ وہ وزیر اعظم ہیں تو پیرنی سے یہ بھی کہو کہ اسے بتائے کس طرح حکومت چلائی جاتی ہے۔ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی کے راہنماﺅں نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا نام ای سی اےل پر ڈالنے کی مذمت کی ہے ،اپنے بےان مےں سیکرٹری جنرل پی پی نیر بخاری نے کہا کہبے نظیر بھٹو نے دہشتگروں کا مقابلہ کرتے ہوئے جان قربان کی،یوم شہادت پرآصف زرداری کا نام ای سی ایل میں ڈالنا دہشتگروں کی سرپرستی کا اعلان ہے ،سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ای سی ایل کو سیاسی بلیک میلنگ کا ذریعہ نہ بنایا جائے، وزیراعظم ہوش میں آئیں،پرویز خٹک، علیم خان، فیصل واوڈا کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں،ایک ملک میں دو قانون چلنے نہیں دینگے،: ترجمان چیئرمن پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ احتساب نہیں انتقام ہو رہا ہے، وفاقی کابینہ کے فیصلے سے لگتا ہے کہ عمران خان کو گھر جانے کی جلدی ہے، سےنٹر شےری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سخت مذمت کرتے ہیں ، پیپلز پارٹی اس طرح کی سازش اور میڈیا ٹرائل سے نہیں ڈرتی ، بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈال کرتحریک انتقام نے اپنا اصل چہرہ دکھا دیا ہے۔ آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میرے بھائی، والد اور پھوپھی کے نام ای سی ایل میں ہیں، تینوں منتخب نمائندے ہیں، اپوزیشن کو ڈرانے دھمکانے کے حربے کامیاب نہیں ہوں گے، ہم لڑیں گے اور ہم جیتیں گے۔ ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف کی باقیات سے بھری ہوئی کابینہ کو یاد نہیں ہوگا کہ ہمارے خاندان نے ہمیشہ ذلت پر موت کو ترجیح دی ہے۔پیپلزپارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو گرفتار کیا گیاتو دما دم مست قلندر ہوگا ۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان مولان بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش حکمرانوں کو مہنگی پڑے گی۔ شیخ رشید کا بیان کہ بلاول بھٹو پریشان ہوگا یہ کھلی دھمکی ہے،سندھ حکومت کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ اگر انکوائری کی بنیاد پر استعفے کا مطالبہ کیاجا رہا ہے تو تحریک انصاف اپنے وزیراعظم سمیت دیگر لوگوں سے بھی استعفیٰ لے ہم اپنے شواہد پیش کرکے اپنی بے گناہی ثابت کریں گے ، ہم آئینی و قانونی راستہ اختیار کریں گے ۔
زرداری

ای پیپر-دی نیشن