3 ترقیاتی سکیموں کیلئے 12 ارب 55کروڑ روپے کی منظوری
لاہو ر(کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2018-19 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 8 ویں اجلاس میں مختلف سیکٹر زکی 3 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 12 ارب 55کروڑ 62 لاکھ 50ہزار روپے کی منظوری دی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی حبیب الرحمن گیلانی نے کی جبکہ صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے 8ویں اجلاس میں جن 3 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں فیملی فلاحی سنٹرز اور فیملی پلاننگ ورکرز پروگرام میں توسیع کیلئے 2 ارب 74 کروڑ 8 لاکھ 51 ہزار روپے، ضلع فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ M-3 کی ڈویلپمنٹ کے حوالے سے اراضی کے حصول کیلئے 6 ارب 30 کروڑ روپے اور لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کوریڈور کے ساتھ ساتھ گریڈ ورکس کے مقام پر تعمیر، بہتری اور بحالی کیلئے 3ارب 51 کروڑ 53 لاکھ 99 ہزار روپے شامل ہیں۔