سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کی شکایات کے ازالے کیلئے گائیڈ لائنز جاری
لاہور(کامرس رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے نان بینکنگ مائیکرو فنانس کمپنیوں میں صارفین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی شکایات کے جلد از جلد ازالے کے لئے ایک مکمل نظام قائم کرنے کے لئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں ہیں۔اِن گائیڈ لائنز کے مطابق نان بینکنگ مائیکروفنانس کمپنیوں کو صارفین کی شکایات کے اطمینان بخش اور فوری ازالے کے لئے ایک مکمل نظام قائم کرنا ہے اوراس بات کو یقینی بنانا ہے کہ شکایات کے ازالے کا نظام مستعدی سے کام کر رہا ہے اور صارفین آسانی کے ساتھ اس سسٹم میں اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ اس نظام کی نگرانی ادارے کا ایک سینئر عہدیدار کرے گا۔ اس کے علاوہ، ایس ای سی پی نے نان بینکنگ مائیکروفنانس کمپنیوں کی برانچیں قائم کرنے کے لئے بھی ضروری ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ سرکلر نمبر 23 میں وضح کی گئیں ہدایات کے مطابق نان بینکنگ مائیکروفنانس کمپنیوں کے لئے لازمی ہے کہ اپنی برانچوں میں ایس ای سی پی سے رجسٹریشن اور لائسنس کا سرٹیفیکیٹ واضح اور نمایاں طور پر آویزاں کریں۔ نان بینکنگ مائیکروفنانس کمپنیوں کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ اپنے سٹاف کو باقاعدہ تربیت فراہم کریں، برانچ میں سکیورٹی کا مکمل انتظام کریں اور قرضے کے حصول کی درخواست کو مکمل کرنے اور اس ضمن میں نافذ العمل شرائط سے صارفین کو آگاہ کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ ایس ای سی پی کے جاری کردہ سرکلر ادارے کی ویب سائٹ پر مہیا کر دئے گئے ہیں۔