فیصل آباد : کمشنر گولڈ کپ انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) کمشنر گولڈ کپ انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ کے شاندار انعقاد کے لئے تمام تر حفاظتی وانتظامی امور کو حتمی شکل دی جائے۔اس سلسلے میں متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔یہ بات ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے ٹورنامنٹ کے ضروری انتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر،ایڈیشنل کمشنرزرائے واجد علی،خادم جیلانی،اسسٹنٹ کمشنر سٹی شمائلہ منظور،ڈائریکٹر آرٹس کونسل صوفیہ بیدار،ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد،چیف آفیسر ضلع کونسل نعیم اللہ وڑائچ،سینئر مینجر آپریشن ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اعجاز بندیشہ،ڈائریکٹر پی ایچ اے عبداللہ نثار چیمہ،سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا سرور،سیکرٹری پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن طاہر وحید جٹ،سیکرٹری ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن سید طیب گیلانی،فیصل آباد چیمبر آف کامرس کے نمائندے چوہدری محمد بوٹا،شاہد ممتاز باجوہ،ضلعی وٹریفک پولیس کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران اجلاس میں موجود تھے۔ کمشنرگولڈ کپ انٹرنیشنل کبڈی ٹورنامنٹ 3سے 7جنوری تک اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں انڈیا اورایران کی ٹیموں سمیت پاکستان کے مختلف محکموں کی 15ٹیمیں حصہ لیں گی۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ کبڈی ہمارا ثقافتی وروایتی کھیل ہے اور اس ٹورنامنٹ میں بڑی تعداد میں شائقین کی آمدمتوقع ہے لہذا متعلقہ محکمے خوشگوار ماحول اور نظم وضبط برقرار رکھنے کے لئے ضروری انتظامات سمیت سیکورٹی کو فول پروف بنائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ایک پرکشش ثقافتی شو ہوگا جس کے دوران شائقین کی دلچسپی کے لئے مشہور لوک فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے جبکہ گھوڑا ڈانس ،ڈھول کی تھاپ پر لڈی،جھومر،بینڈ اور دیگر رنگا رنگ پروگرامز پیش کئے جائیں گے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مہمان ٹیموں کے قیام وطعام اور ان کی بہتر مہمان نوازی کے لئے جامع اقدامات کئے جائیں۔