• news

ناقص پرفارمنس، اسد شفیق کی دوسرے ٹیسٹ میچ سے چھٹی کا امکان

لاہور (نمائندہ سپورٹس) جنوبی افریقہ سے دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کیے جانے کا امکان ہے۔ اظہر علی، اسد شفیق اور سرفراز احمد نے غیر ذمہ دارانہ سٹروکس کھیلتے ہوئے پویلین کی راہ لی۔ دوسری اننگز میں بیٹنگ کے دوبارہ ڈگمگا جانے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سینئرز کی خوب کلاس لی اور 3جنوری سے شروع ہونے والے کیپ ٹاون ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔سنچورین میں ناکام رہنے والے اسد شفیق یواے ای میں بھی مشکل حالات میں ٹیم کی کشتی کو بھنور میں چھوڑ کررخصت ہوئے،ٹیم مینجمنٹ کیلئے پریشانی کی بات 32سالہ مڈل آرڈر بلے باز کی شاٹ سلیکشن تھی،اس صورتحال میں اسد شفیق کو2011ء کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ ٹیم سے ڈراب کیے جانے کا فیصلہ سامنے آ سکتا ہے،پہلے ٹیسٹ سے قبل ان فٹ ہونے والے حارث سہیل صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بینچ پر موجود ہیں، اگر اسد کو ڈراپ کیا گیا تو ان میں سے کوئی ایک کھیلے گا، فٹنس بحال ہونے کے بعد محمد عباس کی ٹیم میں واپسی یقینی ہے۔جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 3 جنوری سے کیپ ٹائون میں شروع ہو گا، میزبان پروٹیز کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار فتح کے بعد میزبان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو ہرا کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے پر جوش دکھائی دے رہے ہیں ۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم بھی دوسرا ٹیسٹ جیت کر حساب برابر کرنے کیلئے پر اعتماد دکھائی دے رہی ہے اس لئے دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن