• news

ہسپانوی امدادی کشتی300مہاجرین کے ہمراہ سپین کی بندرگاہ پر لنگر اندازہوگئی

میڈرڈ (این این آئی) ہسپانوی امدادی کشتی قریب تین سو مہاجرین کے ہمراہ سپین کی ایک بندرگاہ پر پہنچ گئی ۔ ان تارکین وطن کو ایک ہفتہ قبل لیبیا کی سمندری حدود کے قریب ڈوبنے سے بچایا گیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اوپن آرمز نامی یہ امدادی کشتی سان روقے کے علاقے میں واقع سری ناویس بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگئی ۔ یہ بندرگاہ ہسپانوی شہر الہیسیرس کے قریب ہے۔ پرو ایکٹیوا اوپن آرمز امدادی فلاحی تنظیم جو تارکین وطن کو لانے والی کشتی کی منتظم ہے، نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔کشتی پر موجود تین سو دس پناہ کے متلاشی افراد کو خوراک، طبی سہولیات اور لباس کی فراہمی کی خدمات فلاحی تنظیم ریڈ کراس کے کارکنان انجام دیں گے۔ کشتی پر موجود تارکین وطن میں صومالیہ، مالی اور نائجیریا کے باشندے شامل ہیں۔ہسپانوی پولیس ان تارکین وطن کو شیلٹرز میں لے جانے سے قبل ان کی شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کرے گی۔پروایکٹیوا اوپن آرمز نامی ہسپانوی امدادی تنظیم جنوبی یورپی ممالک اور لیبیا کے مابین سمندر میں یورپ کا قصد کرنے والے افریقی مہاجرین کو امداد فراہم کرتی ہے۔ اوپن آرمز کی امدادی کشتی نے اکیس دسمبر کو حاملہ خواتین اور بچوں سمیت تین سو کے قریب تارکین وطن کو بچایا تھا جو تین مختلف کشتیوں پر سوار تھے۔ ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز کی سوشلسٹ حکومت نے گزشتہ ہفتے اٹلی اور مالٹا کے انکار کے بعد اس کشتی کو سپین کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن