• news

ساہیوال، سرگودھا : ڈاکٹر اور عملے کی مبینہ غفلت سے مریضہ جاں بحق، ورثا کا احتجاج

ساہیوال/ سرگودھا (نامہ نگار) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ڈاکٹر اور عملے کی غفلت سے مریضہ جاں بحق ہوگئی جس پر ورثا نے ہسپتال میں شدید احتجاج کیا۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال میں علاج کی غرض سے 50 سالہ نسیم بی بی زوجہ خوشی محمد کو لایا گیا۔ لواحقین کے مطابق کئی بار ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر اور عملے کو بلایا گیا لیکن انہوں نے توجہ نہ دی۔ بعدازاں منت سماجت پر ڈاکٹر نے چیک کیا اور انجکشن تجویز کیا تاہم مریضہ کو انجکشن لگانے پر اسکی حالت غیر ہوگئی اور وہ موقع پر دم توڑ گئی۔ مریضہ کی موت پر لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی جس کی موجودگی میں لواحقین اور ایم ایس کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ ایم ایس نے لواحقین کو یقین دلایا کہ غفلت کے مرتکب عملہ کے خلاف کارروائی کی جائیگی جس پر ورثا نے احتجاج ختم کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن