مصر: بم دھماکہ، 3 ویتنامی سیاح، ایک گائیڈ ہلاک، پولیس کا کریک ڈاؤن، 40 دہشتگرد مار دیئے
قاہرہ (نیٹ نیوز)جیزا: مصر کی پولیس نے سڑک کنارے نصب بم کے پھٹنے سے 3 غیر ملکی سیاحوں اور ان کے مقامی گائیڈ کی ہلاکت اور 11سیاح اور بس کا ڈرائیور بھی زخمی ہونے کے بعد کریک ڈاؤن کے دوران 40 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ مشتبہ دہشت گردوں کو صوبے جیزا اور جزیرہ نما سینائی میں کارروائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا۔وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ 30 دہشت گردوں کو جیزا میں دو کارروائیوں کے دوران جبکہ 10 کو سینائی کے شمال میں کارروائی کے دوران ہلاک کیا گیا، تاہم ان دہشت گردوں کے بم دھماکے میں ملوث ہونے یا ہونے سے متعلق نہیں بتایا گیا۔بیان کے مطابق انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد سیاحتی مقامات اور گرجا گھروں پر حملوں کی تیاری کر رہے ہیں۔وزارت داخلہ نے کہا کہ 'قومی سکیورٹی کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گردوں کا گروپ ریاستی اداروں، سیاحتی مقامات، مسلح افواج، پولیس اور مسیحیوں کے گرجا گھروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔'واضح رہے کہ گزشتہ روز اہرام جیزہ کے قریبی علاقے میں سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے میں ویت نام سے تعلق رکھنے والے 3 سیاح اور ان کا مقامی گائیڈ ہلاک ہوگئے تھے۔دھماکے کے نتیجے میں ویت نام کے دیگر 11 سیاح اور مصری بس ڈرائیور زخمی بھی ہوئے۔