• news

وکلاءکے مسائل حل کرینگے‘ صنعتکار معاشی ترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاﺅس بہاولپور میں ہائی کورٹ بار بہاولپور کے صدر احمد منصورچشتی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا وکلاءبرادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ بہاولپور میں وکلاءکالونی کے ایشوکو بھی جلد طے کر لیا جائے گا-وزیراعلیٰ نے کمشنر بہاولپور کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ بار کی لائبریری اور عمارت کی تعمیر ومرمت کے لئے تخمینہ لگایا جائے -انہوں نے کہا میں خود وکیل ہوں اور وکلاءبرادری کے مسائل سے آگاہ ہوں-وکلاءبرادری نے آزاد عدلیہ کی بحالی اور ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کےلئے ہر اول دستے کا کردارادا کیا ہے- وکلاءبرادری کی ان خدمات کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں -انہوں نے کہا عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں وکلاءبرادری کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے- تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کو ا نصاف فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے- ملاقات کرنے وا لوں میں ہائی کورٹ بار بہاولپور کے جنرل سیکرٹری عمر محمود، صدر ڈسٹرکٹ بار بہاولپور نعیم بھٹی،جنرل سیکرٹری اشفاق احمد شامل تھے۔ سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاﺅس بہاولپور میں بہاولپورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مبشر حسین کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد نے بھی ملاقات کی-وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں صنعتی شعبے کی کلیدی اہمیت ہے اورروزگار کے نئے مواقع صنعتی ترقی سے ہی پیدا ہوتے ہیں- پنجاب حکومت نے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے جامع صنعتی پالیسی کااعلان کیا ہے-صنعت کار آگے آئیں ، سرمایہ کاری کریں اور معاشی ترقی میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں-پنجاب حکومت صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی اورنئی صنعتی پالیسی پر عملدرآمد سے صوبے کی انڈسٹری کو فروغ ملے گا-انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا-ایگرو بیسڈ انڈسٹری میں بہت پوٹینشل ہے اوربہاولپور ڈویژن میں ایگرو بیسڈ انڈسٹری کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے-انہوں نے کہا کہ معیاری بیج کی تیاری سے ہم کاٹن کی فصل کو مزید آگے لے کر جا سکتے ہیں اورپنجاب حکومت نے معیاری بیج کے حوالے سے ٹاسک فورس قائم کر دی ہے- صنعتکاروں کے جائز مطالبات حل کریں گے -وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں بہاولپورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد اسلم، نائب صدر محمد وقاص ملک، سیکرٹری جنرل سید امیر حیدر اور دیگر عہدےدار شامل تھے-مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سرکٹ ہاﺅس بہاولپور میں تحریک انصاف بہاولپورڈویژن کے عہدےداران نے ملاقات کی-تحریک انصاف خواتین ونگ کی عہدےداران بھی اس موقع پر موجود تھیں-تحریک انصاف بہاولپورڈویژن کے عہدےداران نے پنجاب کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں منعقد کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکرکیا-پارٹی عہدیداران نے اس موقع پر کہا پاکستان کی تاریخ میں پنجاب کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں منعقد کرنے کا اعزاز تحریک انصاف کوحاصل ہواہے- بہاولپورڈویژن کے عوام اس اقدام پر بہت خوش ہے-وزیراعلیٰ نے کہا تحریک انصاف کے عہدےدار اور کارکن میرے دست وبازو ہیں-ہم پارٹی عہدےداران اور کارکنوں کا دل وجان سے احترام کرتے ہیں- پارٹی عہدےداران اور کارکنوں کی انتھک محنت سے عام انتخابات میں کامیابی ملی اورتحریک انصاف کی حکومت پارٹی عہدےداران او رکارکنو ںکو ان کا جائز حق دے گی- وزیراعلیٰ بہاولپور کے علاقے ہیڈ راجکاں میں رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر محمدافضل کی رہائشگاہ گئے اوران کی والدہ کے انتقال پر ان سے اور سوگوار خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا-

عثمان بزدار

ای پیپر-دی نیشن