• news

سی پیک منصوبہ مجموعی طور پر سات لاکھ ملازمتیں پیدا کرے گا

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ کا سب سے اہم حصہ پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک ہے۔ یہ منصوبہ سیاسی اور اقتصادی اعتبار سے نہایت اہم ہے۔ سی پیک کے بارے میں چینی سفارتخانہ کی طرف سے گزشتہ روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے گزشتہ پانچ سال میں پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت گیارہ منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ 22دوسرے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں پر 18ارب ڈالر صرف کئے گئے۔ سفارتخانہ کے مطابق سی پیک کے تحت بیس مزید منصوبے پائپ لائن میں ہیں۔ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے وزارتی سطح کی ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ طویل المدت منصوبوں کیلئے دیگر منصوبہ بندی کمیٹی کام کررہی ہے۔ سی پیک کیلئے 7مشترکہ ورکنگ گروپ بھی کام کررہے ہیں۔ سی پیک کے تحت توانائی انفراسٹرکچر، گوادر پورٹ اور انڈسٹریل تعاون روزگار کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔ سفارتخانہ کے مطابق سی پیک نے اب تک 75ہزار ملازمتیں پیدا کی ہیں۔ مجموعی طور پر سی پیک سات لاکھ آسامیاں پیدا کرے گا۔
سی پیک/ملازمتیں

ای پیپر-دی نیشن