• news

لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس سردار شمیم کی کل حلف برداری، تعلق رحیم یار خان سے

لاہور رحیم یارخان (وقائع نگار خصوصی+ بیورو رپورٹ‘ کرائم رپورٹر) رحیم یارخان سے تعلق رکھنے والے سردار محمد شمیم خان کل یکم جنوری کو لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ رحیم یار خان کے نواحی علاقے ترنڈہ محمد پناہ کے گاﺅں ڈنڈن اوٹ میں یکم جنوری 1958ءکو پیدا ہونے والے سردار محمد شمیم خان نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز 80ءکی دہائی کے اوائل میں رحیم یارخان کے معروف فوجداری وکیل سردار احمد خان کے چیمبر سے کیا اور بہت جلد علاقہ بھر میں اپنی قابلیت کے باعث شہرت حاصل کرلی۔ 19 فروری 2010ءکو انہیں لاہور ہائیکورٹ کا جج مقرر کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن رحیم یارخان کے سابق صدر ظفر خان ترین نے ”نوائے وقت“ کو بتایا جسٹس سردار محمد شمیم خان 31 دسمبر 2019ءتک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔ یاد رہے اس سے قبل بہاول پور سے تعلق سے رکھنے والے جسٹس اللہ نواز بھی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ لاہور سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد انوارالحق آج اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے فاضل چیف جسٹس کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس بھی آج ہوگا۔ جس میں نامزد چیف جسٹس سردار شمیم احمد خان سمیت دیگر فاضل جج صاحبان، پاکستان و پنجاب بار کونسلز کے وائس چیئرمین و ممبران لاہور ہائیکورٹ لاہور، ملتان، راولپنڈی اور بہاولپور کے صدور، اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل سمیت دیگر لاءافسران اور وکلاءرہنما شرکت کریں گے۔
سردار شمیم

ای پیپر-دی نیشن