عمران فاروق قتل کیس: انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + نامہ نگار) ایف آئی اے نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ مزید شواہد کے حصول کے لیے برطانیہ سے رابطے میں ہیں۔ایف آئی اے نے استدعا کی ہے کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے استغاثہ کو بھرپور کیس پیش کرنے کا موقع دیا جائے، دوملکوں کے درمیان رابطے جاری ہیں تاہم مزید شواہد کے لیے وقت درکار ہے۔درخواست میں انسداد دہشتگردی کی عدالت اور ملزمان کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ایف آئی کی درخواست مسترد کردی تھی۔ایف آئی اے نے برطانیہ سے مزید شواہد حاصل کرنے کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت تین ماہ کا وقت مانگا تھا۔
عمران فاروق کیس