نیا وزیراعلی لائیں زرداری کا شفاف ٹرائل ہونے دیں سندھ میں گورنر راج لگے گا نہ 18 ویں ترمیم چھیڑیں گے : فواد چوہدری
لاہور (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر مستعفی ہونے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کسی اور کو وزیر اعلی بنالے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا، نجی ٹی وی کے مطابق فواد چودھری نے پیپلز پارٹی کو سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کی یقین دہانی کرائی۔ فواد چودھری نے کہا نہ 18 ویں ترمیم کو چھیڑا جائے گا نہ ہی سندھ میں گورنر راج لگے گا بس بدلے میں سندھ حکومت یہ کرے آصف زرداری کے کیس میں شفاف ٹرائل ہونے دے۔ تحریک انصاف کی قیادت نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پر مستعفی ہونے کے لئے دباﺅ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری آج پیر سے سندھ کا تین روزہ دورہ شروع کریں گے۔ فواد چوہدری کے سندھ میں اپنے اتحادیوں سے رابطے جاری ہیں اور ملاقاتیں طے پا گئی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا وہ کراچی، بدین، سکھر اور لاڑکانہ کا دورہ کریں گے جس کے دوران پیر پگاڑا، لیاقت جتوئی، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا، ایاز پلیجو اور دیگر رہنماﺅں سے ملاقاتیں کریں گے۔ فواد چوہدری نے کہا دورہ سندھ میں اتحادیوں کے ساتھ مشاورت میں سندھ کے معاملات پر اتفاق رائے پیدا کروں گا، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ جعلی اکاﺅنٹس کیس اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی میں مرکزی ملزم ہیں اس لیے وہ مستعفی ہوجائیں۔ نوائے رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا سندھ میں گورنر راج لگے گا نہ 18 ویں ترمیم کو چھیڑا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا کھیل ختم ہو چکا پیپلز پارٹی والے خود ہمارے پاس آ رہے ہیں آپ کیلئے جلسے کرنے والے ہی ہمارے پاس آکر جاں چھڑانے کا کہتے ہیں۔ صباح نیوز کے مطابق مشیر وزیراعظم زلفی بخاری نے وزیراعلیٰ سندھ سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا بے نظیر بھٹو نے آصف زرداری کی کرپشن سے خود کو الگ کر لیا تھا۔ قبضہ مافیا اور چور آصف علی زرداری کے بچاﺅ کیلئے میدان میں آ گئے۔ مراد علی شاہ کا ذاتی ملازم کی طرح وفاداری دکھانا قابل شرم ہے۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ سندھ فوری مستعفی ہوں اس سے کم کچھ قبول نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے سندھ میں پیپلز پارٹی کے اندر فارورڈ بلاک یقینی ہے، پیپلز پارٹی کے فارورڈ بلاک میں 20 سے 26 ارکان جا سکتے ہیں۔ سندھ حکومت بچ بھی گئی تو نئے وزیراعلیٰ کا نام بھی شاہ ہی ہوگا۔ گورنر سندھ کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے سندھ کے قلعہ میں شگاف ڈالنے کی مہم شروع کر دی ہے۔ علی گوہر مہر سے وزیراعظم عمران خان کے رابطے سے کوششوں کا آغاز ہوا۔ وزیراعظم کے فون کے بعد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گھوٹکی میں مہر سرداروں سے ملاقاتیں کیں، علی گوہر مہر سے گورنر سندھ، شہر یار آفریدی اور حلیم عادل شیخ نے ملاقات کی۔ علی گوہر مہر نے کہا بات چیت جاری ہے، بہتری کی امید ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا رابطہ کرنے والے پی پی ارکان بڑھ رہے ہیں، جلد اچھی خبر ملے گی۔ این این آئی کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عمران اسماعیل نے ہارس ٹریڈنگ کو کرپشن جیسا برا قرار دیتے ہوئے کہا تحریک انصاف سندھ میں ایسی کوئی کوشش نہیں کرے گی، پیپلز پارٹی اپنے ان ایم پی ایز سنبھالے جو فارورڈ بلاک بنانے جا رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کرپشن ہی ہے۔ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بنتا ہے تو یہ ان کا مسئلہ ہے۔
فوادچودھری