• news
  • image

بہاولپور میں پنجاب کابینہ کا پہلا اجلاس

پہلی بار بہاولپور میں کابینہ کا اجلاس۔ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا فیصلہ اتفاق رائے سے چاہتے ہیں۔ عثمان بزدار۔ بہاولپور ڈویژن کیلئے 7 ارب کے پراجیکٹس کا اعلان۔
گزشتہ روز پنجاب کابینہ کا اجلاس بہاولپور میں پہلی بار منعقد ہوا۔ جس میں بہاولپور ڈویژن کی ترقی کے لئے 7 ارب روپے کے پراجیکٹس کا اعلان کیا گیا۔ ان اعلانات پر مکمل عملدرآمد ہو تو اسکے ثمرات سے علاقے کے لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے۔پسماندہ علاقوں میں ترقی کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشیں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ ان کا اپنا تعلق بھی ایک دور دراز پسماندہ علاقے سے ہے۔ امید ہے وہ حقیقی معنوں میں ان علاقوں میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب رقم کریں گے۔ اگر حکومت پنجاب بہتر حکمت عملی اپنائے تو یہ علاقے ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں عرصہ دراز سے حکومت کے خلاف عوام کی شکایات کو دور کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ اسی طرح جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے تحریک انصاف کے وعدے پر عمل درآمد کیلئے بھی حکومت پر دبائو ہے۔ وزیر اعلیٰ اتفاق رائے سے یہ کام کرنے کے حق میں ہیں ۔ جب تک اتفاق رائے پیدا نہیں ہوتا اس وقت تک ان علاقوں کو ترقی دیکر غربت اور پسماندگی ختم کرکے دیگر علاقوں کے برابر ضرور لایا جا سکتا ہے۔ اب یہ حکومت پنجاب کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ان علاقوں میں صنعت ، تجارت اور زراعت کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے۔ یہاں تعلیم و صحت کے میدان میں مثالی کام کرے تو ان علاقوں سے پسماندگی کا خاتمہ اور ترقی کے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن