• news
  • image

ملکی ترقی اور بلوچستان کی سکیورٹی

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فوج نے صوبے کی سکیورٹی اور امن و امان پر بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے کیونکہ پاکستان کی خوشحالی و ترقی بلوچستان کے امن و امان‘ استحکام اور ترقی سے منسلک ہے۔ بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے ایران اور افغان سرحدوں پر باڑ لگائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سکیورٹی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے صوبے میں امن و امان‘ ترقی و خوشحالی اور سکیورٹی کے حوالے سے فوج کی کاوشوں کو سراہا۔
پاک فوج نے پاک سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت اور وطن عزیز کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے بے پناہ اور ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں‘ لیکن دشمنوں نے عسکری محاذ پر مار کھاکر ملک کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں میں نقب لگانے اور یکجہتی کی فضا کو تار تار کرنے کی سازشیں شروع کر دیں۔ پہلے کراچی کا امن تباہ کیا جسے رینجرز نے حکمت و تدبر اور قربانیوں کے بعد دو اڑھائی سال میں بحال کر دیا۔ بلوچستان اپنے سٹرٹیجک محلِ وقوع اور معدنی وسائل کے باعث دشمنوں کی نظروں میں شروع سے کھٹکتا رہا ہے‘ لیکن سی پیک نے تو دشمنوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔اس منصوبے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی حسد کی حرارت کی لپٹیں بھارت اور افغانستان سے ہوتی ہوئی دنیا کے آخری کنارے امریکہ تک جا پہنچی ہیں۔ بھارت کو پاکستان سے خدا واسطے کا بیر ہے۔ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا اس کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔ جہاں تک امریکہ کا تعلق ہے‘ اس کیلئے ہم نے دہشت گردی کی خوفناک جنگ لڑی اور بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دیں۔ اس کا معاندانہ رویہ ناقابل فہم ہے۔ سی پیک منصوبے سے اس کی معیشت کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ ویسے بھی یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا اور امریکی تجارت پہلے ہی چین کے دبائو میں ہے۔ جہاں تک افغانستان کا تعلق ہے، یہاں وہ لوگ حکمران ہیں جو کسی نہ کسی طرح بھارتی جال میں پھنسے ہوئے ہیں ورنہ افغانستان کوجو فوائد پاکستان سے حاصل ہوسکتے ہیں‘ امریکہ اور بھارت سمیت دنیا کے کسی اور ملک سے نہیں۔ اگر افغانستان تعاون اور مفاہمت کی روش اختیار کرتا تو پاکستان کو باڑ لگانے کی کیا ضرورت تھی۔ دوسری طرف کچھ عرصہ سے شرپسندوں نے پاک ایران برادرانہ تعلقات کو خراب کرنے کیلئے غیرقانونی اور ناپسندیدہ حرکات شروع کر رکھی ہیں۔ان کی مذموم کارروائیوں کو روکنے کا باڑ کے سوا کوئی طریقہ نہیں رہ گیا۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ اور وطن عزیز کے چپہ چپہ کے دفاع کی اہل ہے۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن