یاد رکھنے والی باتیں
خواجہ معین الدین اجمیری رحمۃ اللہ علیہ ارشادفرماتے ہیں۔
٭ کون سی چیز ہے جو اللہ تعالیٰ کی قدرت میںنہیں ہے ،پس انسان کو چاہیے کہ وہ اس کا احکام بجالانے میں کوئی قصور وکوتاہی نہ کرے۔تاکہ جو کچھ وہ چاہتا ہے قدرت حق سے بامراد ہوجائے۔
٭ میںنے اپنے شیخ حضرت خواجہ عثمان ہارونی ؒ کی زبان فیض ترجمان سے سنا کہ کسی شخص میں تین خصلتیں پائی جائیں تو سمجھ لو کہ خدا اسے دوست رکھتا ہے ، سخاوت دریا کی طرح، شفقت آفتاب کی طرح اورتواضع زمین کی طرح۔
٭ حدیث مبارکہ میں آیا ہے کہ صحبت اثر کرتی ہے۔ یعنی کوئی شخص نیکوں کی صحبت میں بیٹھے گا تووہ نیک ہوجائے گا۔اس لیے کہ جس کسی نے کچھ پایا صحبت اورہم نشینی سے پایا اورجو نعمت سعادت حاصل کی وہ نیکوں اورصالحوں کی رفاقت سے ملی۔
٭ اگر کوئی شخص کچھ عرصہ کے لئے نیک لوگوں کی ہمنشینی اختیار کرے تو امید ہے کہ ان کی صحبت ضرور اثر کر ے گی اور وہ نیک بن جائے گااور یہ چیز اس کی نیکی پر دلالت ہوگی، اوراگر کوئی نیک فرد چند روز کے لیے بروں کی صحبت اورہم مجلسی اختیار کرے گا تو وہ بھی ان کی طرح ہوجائے گا۔
٭ دنیا میں عزیزترین چیز یں تین ہیں۔ اول : وہ عالم جس کی گفتگو اپنے علم وفضل سے ہو۔دوم:وہ آدمی جسے طمع اورلالچ نہ ہو۔سو ئم:وہ عارف جو ہمیشہ حق تعالیٰ کے اوصاف بیان کرے۔
٭ درویشی یہ ہے کہ کسی آنے والے کو محروم اورمایوس نہ کیاجائے اگر کوئی بھوکا ہے تو اسے پیٹ بھرکر کھانا کھلایا جائے۔اگر کوئی ننگا ہو تو اسے مناسب لباس مہیا کیاجائے۔چاہیے کہ ہر حالت میں کسی شخص کو محروم نہ چھوڑا جائے۔ حتٰی کہ ہر کسی کی احوال پر سی کرے اس کی دلجوئی ضرور کرنی چاہیے یہی درویشی ہے۔
٭ عارفان الہٰی کی خصلت محبت میں اخلاص ہے۔ جہان میں بہت عزیز اورعمدہ بات یہ ہے کہ دوستوں کے ساتھ مل کر بیٹھیں اورجو کچھ دل میں ہو،ایک دوسرے سے بلاتکلف کہہ دیں اورصاف صاف بیان کریں۔بدترین چیز یہ ہے کہ دوست دوستوں سے جدارہیں۔
٭ اللہ تبارک وتعالیٰ سے دوستی کیسی کی جاسکتی ہے؟اس کا طریقہ یہ ہے کہ ان چیزوں سے دوشمنی رکھی جائے جنہیں اللہ تعالیٰ دشمن سمجھتا ہے۔ مثلاً دنیا اورنفس ۔ایک بزرگ سے عارف کی علامت کے متعلق پوچھا گیا تو اس نے جواب دیا عارف وہ شخص ہے جو اللہ تعالیٰ کے سوا کسی دوسرے کی طرف نہ دیکھے ۔
٭ حضرت رابعہ بصری سے پوچھا گیا کہ افضل ترین عمل کون سا ہے انھوںنے جواب دیا اوقات کی تعمیر ،یعنی اوقات کو یادِ الہٰی میں بسر کرتا افضل ترین عمل ہے۔