کنٹرول لائن : بھارتی فوج کی پھر بلااشتعال فائرنگ‘ خاتون شہید‘ بچوں سمیت 9 زخمی
راولپنڈی، اسلام آباد (ایجنسیاں+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول کے کیرن سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے ایک خاتون شہید جبکہ بچوں سمیت 9 شہری زخمی ہو گئے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کیرن سیکٹر میں بھارتی فوج کی شہری آبادی پر براہ راست فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، ہندوستانی فوج نہتے شہریوں کو نشانہ بنارہی ہیں، شہری آبادی پر فائرنگ بزدلانہ فعل ہے اس طرح کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ۔ شہید خاتون کی شناخت آسیہ بی بی کے نام سے ہوئی۔ بھارتی فوج کی جارحیت پر پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس سے بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔پیر کو آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈریز پر شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ر ہا۔بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے شاہ کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید ہو گئی جبکہ 9شہری زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں میں 2 خواتین اور 3بچے بھی شامل ہیں۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کا موثر جواب دیا گیا اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے شہری آبادی کو بلاجواز نشانہ بنایا۔
بھارت/فائرنگ