پنجاب، خیبر پی کے: سکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ‘ اب 7 جنوری کو کھلیں گے، پرائیویٹ تنظیموں میں اختلاف
لاہور، اسلام آباد (لیڈی رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کے مطابق موسم سرما کی چھٹیاں 6 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں جس کے بعد سکول اب 7 جنوری بروز پیر کو کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں والدین کو بچوں کو سکول چھوڑنے میں پریشانی کا سامنا ہوتا ہے اور شدید سردی کے باعث بچے بیمار بھی پڑ سکتے ہیں۔ اس سے قبل سکولوں میں چھٹیاں 31 دسمبر تک تھیں۔ دوسری طرف آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے کاشف ادیب جاودانی نے کہا ہے کہ چھٹیوں میں مزید اضافہ نہیں کرسکتے۔ سکول آج معمول کے مطابق کھلیں گے جبکہ آل پاکستان پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے بھی سکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے بعد خیبر پی کے کے اسکولوں میں بھی موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ صوبے بھر میں تعلیمی ادارے اب 7 جنوری کو کھلیں گے۔
چھٹیاں/ اضافہ