چینلجز سے زیادہ بلند عزم نیا سال خوشحال اور ترقی یافتہ نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سال نو 2019ءکی آمد پر اہل وطن کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ نیا سال خوشحال اور ترقی یافتہ نئے پاکستان کی بنیاد بنے گا اور یہ سال عوام کیلئے روشن مستقبل اور ترقی کی نویدبن کر طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پرامن اور حقیقی فلاحی ریاست بنانے کےلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور ہمیں مشکل حالات سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور چیلنجز سے زیادہ بلند ہمارا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019ءپاکستانی قوم کےلئے امید کی کرن لائے گا۔ سال نو کو قوم کےلئے خوبصورت بنانے کےلئے قومی پروگراموں کو دلجمعی اور خلوص کے ساتھ شروع کیا ہے۔ قوم کے شاندار مستقبل کےلئے حکومت بے لوث طریقے سے اپنے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ نیا سال پاکستان کی تاریخ کا نیا باب ثابت ہوگا۔ ہمیں سال2018ءکو الوداع اور نئے سال2019 ءکو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔ پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کےلئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لانے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ باہمی رواداری، تحمل، ایثار اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کر ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سال نو کی آمد کے پیش نظر صوبہ بھر میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اور پولیس امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کےلئے ہر ممکن اقدام کرے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کےلئے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مزید سخت کئے جائیں۔ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے۔ عثمان بزدار نے معروف ادیب، افسانہ نگار اور نقاد ڈاکٹر سلیم اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے لاہور پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔
عثمان بزدار