• news

زرداری اجازت دیں ایک ہفتے میں حکومت گرا کر حکمرانوں کو جیل بھجوا سکتے ہیں‘ بلاول : ابو نہیں کر سکے آپ کیسے کرینگے : فواد چوہدری

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے آصف زرداری اجازت دیں تو ہم حکومت کو ایک ہفتے میں گرا سکتے ہیں اور حکمرانوں کو جیل بھجوا سکتے ہیں۔یہ جعلی، جھوٹی ،فرضی اور بکواس جے آئی ٹی رپورٹ ہے،ہم ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔بلاول بھٹو زرداری کراچی میں گزشتہ ہفتے قتل ہونے والے علی رضا عابدی کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے مرحوم کے والد سے ملاقات کی ،تعزیت کی اورمرحوم کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم ماتحت عدالت میں اپنا کیس لڑیں گے، جے آئی ٹی رپورٹ پر قانون کے مطابق لڑیں گے جو چاہتے ہیں عوام کے مسائل حل نہ ہوں وہ چاہتے ہیں وزیراعلیٰ سندھ تبدیل ہو، آصف زرداری کے خلاف کتنے کیسز بنائے گئے ،وہ ان سب کیسز میں بھی سرخرو ہوں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا حکومت اور جے آئی ٹی کا گٹھ جوڑبے نقاب ہو گیا ہے،حکومت کی ہرسازش کا مقابلہ کریں گے، پی ٹی آئی کوسیاست کے ساتھ حساب بھی نہیں آتا۔ انہوں نے کہا سیاستدان عوام کے نمائندے ہوتے ہیں۔ کراچی کو مثبت سیاستدانوں کی اس وقت بہت ضرورت ہے۔ علی رضا عابدی ایک نوجوان سیاستدان تھے۔ علی رضاعابدی قتل افسوسناک واقعہ ہے‘ نہیں ہونا چاہئے تھا۔ حکومت کی ہر سازش کا مقابلہ کریںگے اور ناکام بنائیں گے۔ ہماری توجہ دہشت گردی جیسے سنجیدہ مسئلے پر ہونی چاہئے۔ سندھ حکومت گرانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ پی ٹی آئی کو سیاست آتی ہے نہ حساب آتاہے۔ سندھ اسمبلی میں ہمارے 99 ارکان ہیں۔ حکومت گرانے کیلئے انہیں 55 ارکان توڑنے پڑیں گے۔ آصف زرداری نے 11 سال جیل میں گزارے۔ ہر کیس میں باعزت بری ہوئے۔ یہ بھی جھوٹا کیس ہے۔ اس سے بھی بری ہو جائیںگے۔ صرف 6 سیٹ کی بات ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت ختم ہو جائے گی۔ آصف زرداری اجازت دیں ہم ان کی حکومت گرا سکتے ہیں۔ اٹھارویں ترمیم کیلئے بھی 50 فیصد سے زیادہ ایم پی اے چاہئیں۔ زرداری اجازت دیں تو پی ٹی آئی حکومت ایک ہفتے میں گرا دیںگے اور انہیں جیل بھیج دیں گے۔مزید برآں پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہٹانے کی تردید کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیںبن رہا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ہیں اور رہیں گے۔کراچی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعلیٰ سندھ تبدیل نہیں ہورہے چاہے دس نام لے لیں ، یہ نام ہمارے دوست نما دشمن سامنے لاتے ہیں۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت میں تبدیلی کی باتوں میں صداقت نہیں، پیپلزپارٹی کا کوئی ایک رکن ادھر سے ادھر نہیں جارہا، یہ افواہیں ہیں۔انہوں نے کہا ریفرنس میں نام تو وزیراعظم پاکستان کا بھی ہے آصف زرداری، بلاول بھٹو اور فریال تالپور کا نام ذاتی بنا پر ای سی ایل میں ڈالنا درست نہیں قانونی تقاصوں کو پورا کرتے ہوئے احتساب سب کا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے سارے رہنما گلوبٹ بنے ہوئے ہیں۔ تحریک انصاف کے فواد چوہدری اور فیاض چوہان گلو بٹ بن گئے ہیں ای سی ایل میں نام ڈالنا ہے تو پھر ہر اس فرد کا ڈالا جائے جس نے کرپشن کی ہے۔این این آئی کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وفاق میں انکی صرف 6 نشتوں کی برتری ہے اور پنجاب میں اس سے بھی کم اکثریت ہے، ہم پنجاب حکومت گرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس سپریم کورٹ کی ہدایات کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ فواد چوہدری نے جے آئی ٹی پر بات کرکے عدالتی ہدایات کی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔


بلاول

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ملاقات کی جس میں وزیراطلاعات کا دورہ سندھ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں فواد چوہدری کے دورہ سندھ کے آغاز سے قبل وزیر اعظم سے سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فواد چوہدری نے سندھ میں اتحادیوں سے رابطوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے سندھ کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔ فواد چودھری نے وزیر اعظم کو بتایا وہ دورہ سندھ میں پیر پگارا، لیاقت جتوئی، ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے رہنماﺅں، ذوالفقار مرزا اور دیگر سے ملاقاتیں کریں گے اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے سندھ کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا ملاقات میں کہنا تھا وہ سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں تاہم ابھی ہمیں سندھ حکومت کے معاملات پر صبروتحمل سے کام لیتے ہوئے دورہ ملتوی کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے مزید کہا معاملے پر پارٹی کے دیگر رہنماﺅں کیساتھ بھی مشاورت کی جائے گی ۔ذرائع کے مطابق پیر کو سپریم کورٹ میں جعلی اکاﺅنٹس کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی رپورٹ پر حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سمیت صوبائی وزراءکے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر اظہار برہمی کیا گیا اور عدالت کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن کو کیس پر تبصرے سے روک دیا گیا جس کے بعد وزیراعظم اور وزیر اطلاعات سمیت دیگر وفاقی وزراءکے درمیان سندھ حکومت کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ وزیراطلاعات و نشریات کو اپنا دورہ فی الحال ملتوی کردینا چاہیے۔ ذرائع نے مزید بتایا ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر بھی شریک ہوئے اور اس موقع پر سندھ کے گیس بحران پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے سندھ کے گیس کے مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ وفاقی وزرا اسد عمر، خسرو بختیار، غلام سرور کو گیس کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنا دورہ کراچی ملتوی کر دیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا اگر ابو حکومت نہیں گرا سکے تو بلاول کیسے پی ٹی آئی کی حکومت کو گرائیں گے۔ ای سی ایل پر نظرثانی کو تیار ہیں۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر 172 لوگوں کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر غور کرینگے۔ نواز شریف اور زرداری کی سیاست کا تو ایک ہی طریقہ رہ گیا ہے ہم اپنے قوانین میں کرپشن کی تعریف تبدیل کر کے اسے جائز قرار دیدیں۔انہوں نے مزید کہا ہم کرپشن کو لیگلائز نہ کریں تو نواز شریف اور زرداری کی سیاست دفن ہو جاتی ہے۔ہم حکومت ہیں اور ہماری کچھ ذمہ داریاں ہیں، ہم وہ ذمہ داریاں پوری کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان سی او ڈی کیا تھا؟ ہماری چوری پر آپ اور آپ کی چوری پر ہم پردہ ڈالیں گے۔انہوں نے کہا نواز شریف کی چوری کل تو نہیں ہوئی، حدیبیہ اور العزیزیہ اور لندن فلیٹس کے بارے میں سب کو پتہ ہے، تمام صحافی حضرات ان کے مہمان رہے ہیں۔ زرداری صاحب کا سندھ اور شریف خاندان کا پنجاب اور باقی جگہوں پر نیٹ ورک چل رہا تھا۔ان کو پتہ نہیں تھا عمران خان اکیلا دونوں پارٹیوں سے زیادہ سیٹیں لے لے گا، ساری سکیم ناکام اس وقت ہوئی جب عمران خان دونوں جماعتوں سے زیادہ سیٹیں لے گیا۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا اگر ابو تحریک انصاف کی حکومت نہیں گرا سکے تو آپ کیسے گرائیں گے، بلاول بھٹو اپنی فکر کریں۔پیپلز پارٹی کی رہنما نفیشہ شاہ کے بیان پر ردعمل میں فواد چوہدری نے کہا گدھ اور گیڈر تو سندھ سے چمٹے ہوئے ہیں، گدھ اور گیڈر بھی وہ سلوک نہیں کرتے جو آپ لوگوں نے سندھ کے عوام کے ساتھ کیا ہے۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے غریب سندھیوں کا پیسہ یہاں سے چوری کیا اور لندن اور دبئی میں محلات قائم کیے۔سندھ میں گورنر راج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم تو نہیں کہہ رہے سندھ میں گورنر راج لگنا چاہیے، چونکہ ان کی بنیادیں کمزور ہیں اس کی وجہ سے انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے۔فواد چوہدری نے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوں کیونکہ جے آئی ٹی میں ان پر سنگین نوعیت کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے بھی کہا ہے ایک وزیراعلیٰ جس کا نام ای سی ایل میں ہو وہ کیسے بیرون ملک جائے گا۔انہوں نے کہا مراد علی شاہ کو اخلاقی طور پر عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے اور پیپلز پارٹی ان کی جگہ جس کو چاہے وزیراعلیٰ لگا دے۔فواد چوہدری نے کہا حکومت نے کسی بھی شخص کا نام ای سی ایل میں خود سے نہیں ڈالا، جن افراد کا نام جے آئی ٹی میں آیا ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔انہوں نے مزید بتایا ماضی میں ہمارے سامنے مثالیں موجود ہیں جب کرپشن کیسز میں ملوث لوگ بیرون ملک گئے تو پھر واپس وطن نہیں آئے۔سابق وزیر خزانہ کا نام لیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا اسحاق ڈار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دور میں سرکاری دورے پر بیرون ملک گئے اور پھر واپس نہیں آئے۔انہوں نے مزید بتایا ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین بھی بیرون ملک گئے اور واپس نہیں آئے، اسی طرح حسین حقانی ملک سے گئے اور انہیں آج تک ہم ڈھونڈ رہے ہیں۔انہوں نے کہا یہ تاثر پیدا کیا جا رہا تھا گویا ہم سندھ حکومت کا تختہ الٹنے کی بات کر رہے ہیں، آج مجھے سندھ کا دورہ کرنا تھا اور مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کرنا تھیں۔سپریم کورٹ میں اصغر خان کیس کی سماعت سے بھی یہ مو¿قف گیا ہم حکومت گرانا چاہتے ہیں، اس لیے وزیراعظم نے یہ فیصلہ کیا یہ تاثر نہیں جانا چاہیے کہ ہم سندھ حکومت کی تبدیلی چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا سندھ میں دباو¿ تحریک انصاف کا نہیں بلکہ ایم پی ایز کا ہے، حکومت کو مینڈیٹ دینا عوام کا حق ہے اور وزیراعلیٰ رکھنا ایوان کا حق ہے۔انہوں نے کہا ہماری نصیحت ہو گی مراد علی شاہ اس عہدے سے خود ہٹ جائیں، وہ خود نہیں ہٹیں گے تو اسمبلی ہٹا سکتی ہے وہ بھی ایک جمہوری عمل ہو گا۔اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے نئے سال 2019ءکے آغاز پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے نیا سال خوشیاں لیکر آئے گا اور سارے چور پکڑے جائیں گے۔ نئے سال کے حوالے سے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا خدا کرے نیا سال ہم سب کے لئے خوشیال لیکر آئے، اللہ تعالی ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
فواد چوہدری

ای پیپر-دی نیشن