• news

جسٹس ثاقب نثار کی رواں ماہ ریٹائرمنٹ ، جسٹس آصف کھوسہ 11ماہ چیف جسٹس رہیں گے

لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان کے موجودہ ججز میں سے مسٹر جسٹس گلزار احمد اور مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ کو دو، دو سال سے زائد عرصہ چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے کا موقع ملے گا۔ سپریم کورٹ کے موجودہ ججز میں سے 8ججز چیف جسٹس آف پاکستان کے منصب پر فائز ہوں گے جبکہ آٹھ ججز اپنی 65سال کی عمر پوری ہونے پر بطور جج ہی ریٹائر ہو جائیں گے۔ رواں سال سے 2030تک چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے والے ججز میں 4 کا تعلق صوبہ پنجاب، دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک ایک فاضل جج کا تعلق خیبر پی کے اور بلوچستان سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار کی رواں ماہ کی17تاریخ کو ریٹائرمنٹ کے بعد مسٹر جسٹس آصف سعید خان کھوسہ 18جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور رواں سال20دسمبر تک تقریباً 11ماہ اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد مسٹر جسٹس گلزار احمد رواں سال 21دسمبر کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز ہوں گے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ یکم فروری 2022 ہے۔ وہ تقریباً 2سال اور 2ماہ چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔ اس کے بعد مسٹر جسٹس عمر عطا بندیال 2فروری 2022 کو چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالیں گے اور تقریباً ڈیڑھ سال اس منصب پر فائز رہنے کے بعد 16 ستمبر 2023 کو ریٹائر ہوں گے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 17ستمبر کو تقریباً ایک سال اور ایک ماہ کے عرصے کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان بن جائیں گے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ 25 اکتوبر 2024 ہے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن تقریباً 10ماہ کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالیں گے۔ جس کے بعد 4اگست 2025 کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔ موجودہ ججز میں سے مسٹر جسٹس منصور علی شاہ وہ دوسرے جج ہوں گے جو چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب دو سال سے زائد مدت کیلئے سنبھالیں گے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ 27نومبر 2027ہو گی۔ اس کے بعد مسٹر جسٹس منیب اختر تقریباً ایک سال کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالنے کے بعد 13دسمبر 2028 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ سپریم کورٹ کے موجودہ ججز میں سے مسٹر جسٹس یحییٰ آفریدی آخری جج ہوں گے جو تقریباً ایک سال اور ایک ماہ چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہنے کے بعد 22جنوری 2030 کو ریٹائر ہو جائیں گے۔ موجودہ ججز میں جن کو چیف جسٹس بننے کا موقع نہیں ملے گا ان میں مسٹر جسٹس شیخ عظمت سعید 27 اگست2019، مسٹر جسٹس مشیر عالم 17اگست2021، مسٹر جسٹس مقبول باقر 4اپریل2022، مسٹر جسٹس منظور احمد ملک 30اپریل2021، مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود 10مارچ2024، مسٹر جسٹس فیصل عرب 4نومبر 2020، مسٹر جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل 13جولائی2022 اور مسٹر جسٹس سجاد علی شاہ13اگست2022کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن