• news

حکمرانوں کو مخالفین کی ٹانگیں کھینچنے کے سوا کوئی کا م نہیں: حمزہ شہباز

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے گزشتہ روز اندرون لوہاری لاہور میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی گیارہ سالہ بچی کے والدین سے ان کے گھر جاکر تعزیت کی اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ قائد حزب اختلاف پنجاب حمزہ شہباز نے بچی کے والدین کو ہر قسم کے تعاون اور انہیں انصاف دلانے کا بھی مکمل یقین دلایا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ عمران گورایہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میں ہونے والے ایسے واقعات کو نہ صرف ان کے منطقی انجام تک پہنچایا بلکہ اس کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کئے۔ قصور میں بچیوں کے ساتھ زیادتی کرنے والا عمران ہو یا اس طرح کے دیگر واقعات جو بھی ملوث ہوا اس کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کرتے ہوئے منطقی انجام تک پہنچایا۔ اس وقت حکمرانوں کو مخالفین کی ٹانگیں کھینچنے کے سوا دوسرا کوئی کام نہیں، عوام کے جان و مال کی حفاظت کا کوئی ایجنڈا نہیں، جعلی حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں ہے۔ جس طرح ملک میں مہنگائی بے لگام ہے اسی طرح ملک میں بدامنی بھی کنٹرول سے باہر ہو چکی ہے۔ ان کے پاس اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانے کا صرف ایک ایجنڈا ہے جس پر وہ عمل پیرا ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن