تحریک انصاف نے حکومت چلانے کیلئے نواز شریف کو جیل بھجوایا، مریم اورنگزیب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ اگر نواز شریف اور شہباز شریف جیل جاسکتے ہیں تو سب کا احتساب بلا تفریق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا جاتا۔ عمران خان ہر بات پر یوٹرن لے لیتے ہیں۔ ہم پارلیمنٹ کے کام میں کبھی رکاوٹ نہیں ڈالتے منگل کو تحریک انصاف کے رہنمائوں کے بیانات پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ کسی وزیراعظم نے روزانہ کی بنیاد پر165دن پیشی نہیں بھگتی۔ ہم کیوں ان سے این آر او مانگیں ۔ یہ الزامات لگانا جانتے ہیں مگر وضاحت نہیں دے سکتے۔ تحریک انصاف نے حکومت بنانے کیلئے نواز شریف کو جیل میں ڈالا اور اب حکومت چلانے کیلئے بھی نواز شریف کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ اور یہ سب کے نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ سیاست مثبت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوری روایت کو جاری رکھا ہوا ہے کہ پی اے سی کمیٹی کا چیئرمین شہباز شریف ہی ہونگے۔ ہماری حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی مگر تحریک انصاف رہنما کوئی نہ کوئی کوئی بات ڈیل کے حوالے سے کرتے رہتے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں این آر او نہ دینے کی بات کی مگر انکو یہ نہیں پتہ کہ کس نے ان سے این آر او مانگا۔ جب فیصلے ہی ہمارے حق میں آرہے ہیں تو ہم ان سے این آر او کیوں مانگیں گے۔ وطن واپسی سے متعلق اسحاق ڈار خود جواب دیں گے۔